ساری دنیا انتخابات پر اعتراض کر رہی ہے، پی ٹی آئی کو مینڈیٹ واپس ملنا چاہیے‘عمر ایوب ... حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ، بجٹ پاکستان عوام پر حملہ، مہنگائی کا سیلاب آنے والا ... مزید

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2024ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بجٹ کو عوام پر قاتلانہ حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کا سیلاب آنے والا ہے،امریکی حکومت نے الیکشن رپورٹ پر قراداد پیش کی، ساری دنیا انتخابات پر اعتراض کر رہی ہے، پی ٹی آئی کو اس کا مینڈیٹ واپس ملنا چاہیے۔انہوںنے انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، اسمبلی سے جو بجٹ پاس کروایا گیا یہ عوام پر قاتلانہ حملہ ہے، اب مہنگائی کا طوفان آئے گا۔پی ٹی آئی کے دور میں بجلی کا یونٹ ستر روپے تھا اور اب پچاسی روپے ہے،پارلیمنٹ میں بجٹ پر تقریر کی، میری بات کی کسی ممبر پارلیمنٹ نے تردید نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ محسن نقوی حکومت نے ساڑھے 4سو ارب گندم درآمد کی اور اس پر بہت کمیشن بنایا گیا، کاشت کاروں نے اپنی فصل کوڑیوں کے داموں بیچی، جبکہ اب برآمد کرنے کا عندیہ دیا جارہا ہے اور دوبارہ سے اس پر پیسہ بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں عمر ایوب کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت نے الیکشن رپورٹ پر قراداد پیش کی، ساری دنیا انتخابات پر اعتراض کر رہی ہے، پی ٹی آئی کو اس کا مینڈیٹ واپس ملنا چاہیے۔پارٹی پوزیشن سے مستعفی ہونے پر انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب کی عدالتوں میں گھومنا پڑتا ہے، میں پارلیمان کے کام میں بہت زیادہ مصروف ہوں محسوس کیا کہ اپنے کام کے ساتھ پورا وقت نہیں دے رہا اس لئے عہدے سے استعفیٰ دیا۔عمر ایوب نے مزید کہا کہ عدت کیس ٹیکنیکل بنیاد پر مسترد کیا گیا، اس فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ جا رہے ہیں۔یاد رہے کہ عمر ایوب نے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اور پارٹی کے چیئرمین مرکزی فنانس بورڈ کے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا، انہوں نے عہدوں سے مستعفی ہونے کا خط ایکس پر پوسٹ کردیا۔

اس پر پڑھیں قومی خبریں Header Banner