لاہور(سپورٹس ڈیسک)جیولین تھروور ارشد ندیم اور فائقہ ریاض پیرس اولمپکس کیلئے پیرس روانہ ہوگئے۔ ارشد ندیم اپنے کوچ سلمان بٹ کے ہمراہ پیرس کے لیے روانہ ہوئے اور دوسری جانب اسپرنٹر فائقہ ریاض بھی پیرس اولمپکس کے لیے روانہ ہوئی ہیں۔ بتایا جارہا ہے ارشد ندیم جیولین تھرو اور فائقہ ریاض 100 میٹر ریس میں ان ایکشن ہوں گی۔ ارشد ندیم کا گروپ راؤنڈ مقابلہ 6 اگست، فائنل 8 اگست جبکہ فائقہ ریاض ویمنز 100 میٹر ریس کے ابتدائی راؤنڈ میں 3 اگست کو حصہ لیں گی۔واضح رہے کہ پیرس اولمپکس کے آغاز میں اب صرف کچھ ہی دن باقی ہیں اور کھیلوں کے اس سب سے بڑے میلے میں پاکستان کے 7 ایتھلیٹ تین مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے، 3 شوٹرز اور2 سوئمرز بھی پاکستان کے 18 رکنی دستے میں شامل ہیں پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم اور فائقہ ریاض نے کہا کہ ایونٹ بہت اہمیت کا حامل ہے اور بھرپور تیاری کے ساتھ شرکت کررہے ہیں عمدہ کھیل پیش کریں گے اور پاکستان کا نام روشن کریں گے۔