پاکستان میں بیلاروس کے سفیر کی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے کامیاب اجلاس کی میزبانی پر مبارکباد، بیلا روس کے وزیر اعظم اور ان کے وفد کے پرتپاک استقبال اور ... مزید

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2024ء) پاکستان میں بیلاروس کے سفیر آندرے این میٹے لٹسا نے شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او)کونسل کے سربراہان حکومت کے پاکستان میں ہونے والے کامیاب اجلاس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے بیلا روس کے وزیر اعظم اور ان کے وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے اظہارتشکرکرتے ہوئے اسے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بیلاروس کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں دیرینہ تعلقات ہیں اور یہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے کلیدی کھلاڑیوں کی حیثیت سے دونوں ممالک رکن ممالک کے درمیان اقتصادی انضمام کو فروغ دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے وزیر اعظم رومن گولوفچینکو کی سربراہی میں ایک وفد نے پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کی اور شنگھائی تعاون تنظیم کی سائیڈ لائن پر دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیلاروس کے سفیر نے کہا کہ بیلاروس اور پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات اور رابطے کے لئے اپنے مضبوط کردار کی وجہ سے مستقبل میں ایسے فورمز کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کو رابطے کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانا چاہئے اور تجارت اور سرمایہ کاری میں مشکلات اور چیلنجوں پر قابو پانا چاہئے۔ بیلاروس کے سفیر نے کہا کہ بیلاروس کے وزیر اعظم رومن گولوفچینکو نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ (سی ایچ جی) کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب محمد شہباز شریف سے دو طرفہ ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعاون بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، زرعی مشینری اور ٹریکٹروں کی مشترکہ پیداوار اور رابطے کے شعبوں پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم گولوچینکو نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سی ایچ جی اجلاس کے کامیاب انعقاد اور اس کے مثبت نتائج پر پاکستان کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے اور اپنے وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

اس پر پڑھیں قومی خبریں Header Banner