ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بشنوئی گینگ کی جانب سے بھارتی مسلمان سیاستدان کے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ارباز خان نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ سلمان خان اور ان کے خاندان کو لاحق خطرات کے باعث انہوں نے پولیس سے مدد طلب کی ہے تاکہ ان کی مکمل حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
ارباز خان نے کہا، “ہم ٹھیک ہیں، لیکن یہ نہیں کہہ سکتا کہ ہم مکمل طور پر ٹھیک ہیں، کیوں کہ فی الحال خاندان میں بہت کچھ ہو رہا ہے۔”انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں پولیس اور حکومت کی جانب سے مکمل تعاون مل رہا ہے اور پوری کوشش کی جا رہی ہے کہ سلمان خان اور ان کا خاندان محفوظ رہے۔ ہماری پوری توجہ اس بات پر ہے کہ سب کچھ صحیح طریقے سے ہو اور سلمان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔یاد رہے کہ لارنس بشنوئی نے سلمان خان کو دھمکیاں اس وقت سے دینا شروع کی تھیں جب اداکار پر 1998 کے کالے ہرن کے شکار کیس کا الزام لگا تھا۔