24 اکتوبر ، 2024
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس کا دورہ کیا ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے آرمی چیف کا آپریشنل ایئر بیس پہنچنے پر استقبال کیا، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے اس موقع پر کثیر القومی مشق انڈس شیلڈ 2024ء کا مشاہدہ کیا جو کہ خطے کی سب سے بڑی کثیر القومی مشق ہے۔
آرمی چیف نے پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں اور اپ گریڈیشن کے مختلف پروگرامز کے ذریعے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مشقوں کے آپریشنز اور ٹیکنالوجیز کے ڈسپلے کا مشاہدہ کیا۔
آرمی چیف کو سیکیورٹی چیلنجوں سے ہم آہنگ رہنے کے لیے پاک فضائیہ کی کوششوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔
پاک فوج کے سربراہ نے وہاں موجود ایئر کریو سے بات بھی کی۔
جنرل سید عاصم منیر نے فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پی اے ایف کے اہلکاروں کے عزم کو سراہا اور انٹر سروسز تعاون کے اہم کردار پر زور دیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ یہ تعاون آپریشنل کامیابی کے حصول کے لیے ضروری ہے۔
علاوہ ازیں ایئر چیف نے کہا کہ آرمی چیف کا دورہ تربیت اور آپریشنل شعبے میں فوج اور فضائیہ کے درمیان تعاون بڑھانے کے عزم کو تقویت دیتا ہے۔
ایئر چیف ظہیر احمد بابر نے کہا کہ مشق انڈس شیلڈ شریک ممالک کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی، مشق اپنے فضائی اور زمینی عملے کو جنگی چیلنجوں کا سامنا کرنے کی تربیت دے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ نے آرمی چیف کا دورے پر شکریہ ادا کیا۔