پاکستان میں ہر 9 میں سے ایک خاتون چھاتی کے کینسر میں مبتلا ہے، از خود معائنہ سے اس بیماری کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے ڈاکٹر رابعہ یاسمین
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2024ء) بریسٹ کینسر کی فوری تشخیص کے لیے نعمت بیگم ہمدرد یونی ورسٹی اسپتال ناظم آبادنے میموگرافی کے چارجز میں 50فیصد کمی کردی ہے جبکہ میمو گرام کے بعد الٹرائوسانڈ کے چارجز بھی قابل تعریف حد تک کم کر دیئے گئے ہیں۔ اس بات کا اعلان گزشتہ روز ہمدرد یونی ورسٹی کے کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری میں پنک ٹوبر کی سرگرمیوں کے سلسلے میں منعقدہ ایک آگاہی سیمینار کے دوران کیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کالج کے وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد مبین تھے۔سیمینار میں فیکلٹی ممبران اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے بتایا کہ کیوں ہر عورت کو اپنی آنکھوں اور ہاتھوں سے اپنے سینوں کا معائنہ کرنا چاہیے۔
(جاری ہے)
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خود تشخیصی کے عمل کو کیسے انجام دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی طرف سے باقاعدگی سے خود معائنہ کرنے کے عمل سے ملک میں چھاتی کے کینسرمیں بڑی حد تک کمی آ سکتی ہے۔
نعمت بیگم اسپتال کی ڈاکٹر رابعہ یاسمین نے بتایا کہ حال ہی میں ایک 22 سالہ خاتون کو چھاتی کا کینسر کا انکشاف ہوا جس سے معلوم ہوا کہ" یہ بیماری اب صرف 40-50 سال کی خواتین تک محدود نہیں رہی"۔انہوں نے کہا کہ ہر نو میں سے ایک پاکستانی خاتون اس خوفناک بیماری کا شکار ہے۔ لیکن باقاعدگی سے خود معائنہ کی عادت سے وسیع پیمانے پر اس کے پھیلا کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر یاسمین نے کہا کہ جب چھاتی کے کینسر کی بات آتی ہے تو خاندانی تاریخ کے پس منظر کی اہمییت بڑھ جاتی ہے۔ ایک مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشہور اداکارہ انجلینا جولی کی والدہ اور دادی دونوں کو بریسٹ کینسر تھا۔ "لہذا اس نے ضروری احتیاطی طریقہ کار اپنایا اور وہ آج روبہ صحت ہے حالانکہ وہ اب ایک ادھیڑ عمر کی عورت ہے۔" ہر خاتون کو مہینے میں کم از کم ایک بار نہانے سے پہلے اپنی چھاتی کا معائنہ کرنا چاہیے۔ "خود جانچ کے دوران جن عوامل کو تلاش کرنا ہے وہ چھاتی کے رنگ اور ظاہری شکل میں تبدیلیاں ہیں۔" ایک اور مقرر ڈاکٹر سعادت نے وضاحت کی کہ مردوں کو بھی اپنے سینوں کا باقاعدگی سے معائنہ کرنا چاہیے۔ "مردوں کو بھی چھاتی کے کینسر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے انہیں بھی اپنے جسم کا خود جائزہ لینا چاہیے۔" اس موقع پر ڈاکٹر قر العین اور ڈاکٹر رمشا غوری نے بھی خطاب کیا۔ Pinktober سرگرمیاں مدین الحکمہ میں باقاعدگی سے منعقد ہوتی ہیں۔ اس سال بھی ہمدرد یونی ورسٹی کے مین کیمپس میں ایسی متعدد سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔متعلقہ عنوان :