ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بالی وڈ کے امیر ترین اداکار باپ بیٹے امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن نے ممبئی کے ملنڈ ایسٹ کی ایک ہی عمارت میں 10 اپارٹمنٹ خریدلیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ اور ابھیشیک بچن نے ملنڈ کی عالیشان عمارت ایٹرنیا میں 24کروڑ95 لاکھ بھارتی روپے میں 10 اپارٹمنٹس خریدے ہیں، رئیل سٹیٹ میں نئی سرمایہ کاری کے بعد رواں برس امیتابھ اور ابھیشیک کا پورٹ فولیو 100 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا ہوگیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ ملنڈ کے 10 اپارٹمنٹس میں سے 6 ابھیشیک اور 4 امیتابھ بچن کی ملکیت ہیں، امیتابھ کی ملکیت کا ہر اپارٹمنٹ 1154.75 مربع فٹ ہے جبکہ ابھیشیک کے 4 اپارٹمنٹ اسی سائز کے اور باقی دو 1004.05 مربع فٹ کے ہیں۔
بگ بی اور ابھیشیک نے ایٹرنیا کے سی ونگ میں 20 ویں، 21 ویں اور 23 ویں منزل کے 10 اپارٹمنٹس خریدے ہیں جبکہ بچن خاندان کی رئیل سٹیٹ میں ایک ساتھ بڑی سرمایہ کاری رواں ماہ 9 اکتوبر کو رجسٹرڈ ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ امیتابھ بچن نے ایک ہی پروجیکٹ میں متعدد جائیدادیں پہلی بار نہیں خریدی ہیں، گزشتہ برس انہوں نے ممبئی کے ویرا دیسائی روڈ پر 3 آفسز اور اسی عمارت میں مزید4 یونٹ خریدے تھے۔
دوسری جانب رواں برس مئی میں ابھیشیک بچن نے ممبئی میں اوبرائے سکائی سٹی میں 14کروڑ 52 لاکھ بھارتی روپے میں 6 اپارٹمنٹس خریدے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن نے بھارت بھر میں متعدد جگہوں پر رئیل سٹیٹ میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے جبکہ گزشتہ 5 برسوں( 2020 سے 2024 ) کے دوران بگ بی اور ابھیشیک بچن نے بھارت بھر میں تقریباً 220 کروڑ روپے کی جائیدادیں خریدی ہیں۔