26 جولائی ، 2024
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ اعلان کرتا ہوں خیبر پختونخوا میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے۔ ہمارے فیصلے کوئی اور نہیں کرے گا ہم خود کریں گے۔
بنوں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ غلط پالیسیوں کی وجہ سے کے پی کے لوگوں نے نقصان اٹھایا، ہمارے نام پر ڈالر لیے گئے ہمیں اس پر بھی تحفظات ہیں، قربانی دینا ہمارے خون میں ہے پھر بھی اس ملک کےلیے قربانی دیں گے، ہمارے فیصلے کوئی اور نہیں کرے گا ہم خود کریں گے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ امن اور انصاف مانگیں گے نہیں، امن اور انصاف لیں گے، کشمیر اگر آزاد ہوا ہے تو پختونوں نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے، ہم نے پاکستان کےلیے اپنا خون بھی بہایا، تن من دھن کی قربانی بھی دی، تاریخ گواہ ہے ہمیں بہت قربانیاں دینا پڑیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عقل مند انسان وہ ہوتا ہے جو کسی اور کے تجربہ سے سیکھتا ہے، بے وقوف انسان وہ ہے جو اپنے تجربے سے بھی نہیں سیکھتا، ایسے عناصر موجود ہیں جو ہماری بات کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں، کے پی کے عوام سن لیں مدرسے کے بچے ہمارے دلوں کے بہت قریب ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ معاہدے سے کوئی شق ختم کرنی ہے یا تبدیل کرنی ہے عوام کہے تو ختم اور تبدیل ہو گی، بجٹ میں مدرسے کے طلبہ کےلیے بھی فنڈز رکھے ہیں، مدرسے کے طلبہ کو بنیادی تعلیم اور روزگار میں بھی حق دیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پہلے بھی کہا تھا اپنی اصلاح کرلو جو اصلاح نہیں کرے گا سزا کیلئے تیار رہے، جہاں شرپسندوں کا شبہ ہوگا وہاں پولیس کارروائی کرے گی، کوئی مسلح گروہ یا مسلح شخص مجھے خیبر پختونخوا میں نظر نہیں آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی کسی پر ناجائز ہاتھ ڈالنے سے پہلے سوچ لے یہ ہاتھ مجھ پر ڈالا جائے گا، پولیس کو اختیار دیتا ہوں منشیات فروشوں کو مت چھوڑیں میں آپ کے ساتھ ہوں۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ ہمارا شخصیت سے تو اختلاف ہوسکتا ہے لیکن شہداء سے متعلق غلط بات پر مجھے تکلیف ہوتی ہے، حلف دیتا ہوں حق، امن اور انصاف کےلیے عوام کے ساتھ کھڑا ہوں گا، خیبر پختونخوا کی سرزمین پر کوئی ہم پر ظلم و جبر نہیں کر سکتا۔