بلند و بانگ دعوے کرنے والی پنجاب حکومت فضائی آلودگی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ... لاہور میں رات کے اس پہر بھی فضائی آلودگی کی انتہائی تشویش ناک صورتحال، ائیر کوالٹی ... مزید

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اکتوبر2024ء) بلند و بانگ دعوے کرنے والی پنجاب حکومت فضائی آلودگی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال خوفناک شکل اختیار کر گئی۔ پیر کی شب کو لاہور میں فضائی آلودگی میں اضافے کے تمام ہی ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ لاہور کی فضائی آلودگی کی موجودہ صورتحال نے سموگ پر قابو پانے کیلئے بہترین اقدامات کرنے کی دعویدار پنجاب حکومت کے بلند و بانگ دعووں کی قلعی کھول کر رکھی دی ہے۔ فضائی آلودگی کی تفصیلات فراہم کرنے والی ویب سائٹ "آئی کیو ائیر" کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق پیر کی شب کو لاہور کے کچھ علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح خوفناک 953 اے کیو آئی تک پہنچ گئی۔

(جاری ہے)


جبکہ لاہور کا مجموعی ائیرکوالٹی انڈیکس بھی خوفناک 708 کی سطح تک پہنچ گیا ہے۔ یوں لاہور دنیا میں سب سے زیادہ فضائی آلودگی والا شہر بن گیا۔ اس تمام صورتحال میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے لاہور میں بڑھتی سموگ کے باعث شہریوں کے لیے ایمرجنسی الرٹ جاری کیا ہے، اور حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ماسک کا استعمال کریں اور کھڑکیاں، دروازے بند رکھیں تاکہ آلودگی سے بچا جا سکے۔ صوبائی حکومت کا دعوٰی ہے کہ بھارت کے شہروں دہلی، امرتسر اور چندی گڑھ سے تیز ہواؤں کے ذریعے آنے والی سموگ لاہور میں فضائی آلودگی کا سبب بن رہی ہے۔ دوسری جانب سموگ پر قابو پانے کیلئے مصنوعی بارش برسانے کا پلان بھی کھٹائی میں پڑ گیا۔ آلودگی کے خاتمے کے لیے محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کو بھی مصنوعی بارش کے لیے ناسازگار قرار دیا ہے۔چیف میٹرولوجسٹ شاہد عباس کا کہنا ہے کہ حکومت کو ٹریفک کے دھویں پر قابو پانے کے لیے موثر حکمت عملی بنانی ہوگی۔

اس پر پڑھیں تمام خبریں Header Banner