بھاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2024ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق کی زیر صدارت دفتر کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے وضع کردہ انیشیٹوز پر عملدرآمد کا جائزہ لیاگیا۔ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے کہا کہ”کی پرفارمنس انڈیکیٹرز‘ پر عملدرآمد روزانہ کی بنیاد پر باقاعدگی سے کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گراں فروشی کے خاتمہ کے لئے فیلڈ میں بہتر انداز میں کام کریں۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران ضلع بھر میں میونسپل سروسز کی فراہمی کے لئے فیلڈ میں مانیٹرنگ کے عمل کو مزید موثر بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمہ جات کو موصول ہونے والی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے اوراس سلسلہ میں سستی اور غفلت نہ برتی جائے۔
(جاری ہے)
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی محمد شکیب سرور،اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور صدر، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ خورشید احمد، چیف آفیسر ضلع کونسل نصراللہ ملک، میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران اور ویڈیو لنک کے ذریعہ اسسٹنٹ کمشنر اور متعلقہ افسران شریک تھے۔
ڈپٹی کمش بہاولپور نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے متعلقہ افسران و عملہ فعال انداز میں کام کریں۔انہوں نے کہا کہ سٹریٹ لائٹس فنکشنل رکھی جائیں اور وال چاکنگ کا خاتمہ کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیوریج اور ڈرینج کی صفائی اور ضلع بھر میں موجود مین ہولز کے ڈھکن نصب کرائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل،میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹی کے افسران سرکاری واجبات کی وصولی میں مزید بہتری لائیں۔نیزپارکس کی دیکھ بھال، غیر قانونی ایل پی جی فروخت کی روک تھام،واٹر فلٹریشن پلانٹس کی دیکھ بھال، سڑکوں کی مرمت و دیکھ بھال اور آوارہ کتوں کا خاتمہ کیا جائے۔قبل ازیں انچارج مانیٹرنگ سیل ڈی سی آفس ڈاکٹر ملک محمد صفدر نے ضلع بھر میں ”کی پرفارمنس انڈیکیٹرز“کے حوالہ سے کئے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔متعلقہ عنوان :