لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عظیم ڈار نے لاہور میں اپنے پروڈکشن ہاؤس کا آغاز کردیا۔
گلوکار عظیم ڈار نے کی جانب سے بنائے پروڈکشن ہاؤس کی افتتاحی تقریب میں شوبز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ دبئی میں رہائش پذیر پاکستانی آرٹسٹ عظیم ڈار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان سے باہر بہت کام کیا، اب پاکستان کی خدمت کرنا چاہتا ہوں، نئے ٹیلنٹ کو پروموٹ کرنا ہمارا مقصد ہوگا۔ پاکستان کے کلچر کو دنیا کے کونے کونے میں پہنچائیں گے، کامیڈین، سنگرز اور آرٹسٹ کا ایک دوستانہ میچ دبئی میں کروائیں گے، پاکستان سے باہر تھا تب بھی پاکستانیوں کو سپورٹ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی پاسپورٹ پر اب تک 145 ممالک گھوم چکا ہوں، جو لوگ بیرون ممالک پرفارمکرنا چاہتے ہیں انہیں میری کمپنی سپورٹ کرے گی، نئے فنکاروں کو بھی آگے لائیں گے، اور اپنے فن کے اظہار کا موقع فراہم کریں گے۔حکومت سرپرستی کرے تو پاکستانی فنکار اپنی خداداد صلاحیتوں کے باعث پوری دنیا میں اپنا اور ملک کا نام پیدا کر سکتے ہیں۔ میرا نوجوانوں کیلئے ایک ہی پیغام ہے کہ زندگی ایک بار ملتی ہے، ہم سب اس کی قدر کریں، امید کا دامن ہرگز نہ چھوڑیں اور اپنی صلاحیتوں سے دنیا بھر میں نام روشن کریں۔
عظیم ڈار نے فنکاروں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیا اور کہا کہ فنکار اپنی پوری زندگی ملک و قوم کی خدمت میں گزار دیتے ہیں، لیکن انہیں جائز مقام اور قدر نہیں کی جاتی، میں ہر فنکار سے محبت کرتا ہوں اور مجھے بھی ان سے بہت پیار ملا ہے۔ افتتاحی تقریب کے اختتام پر گلوکار عظیم ڈار نےاپنی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔