21 نومبر ، 2024
پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار فردوس جمال کے بیٹے بازل فردوس نے یوٹیوبرز کو خبردار کر دیا۔
فردوس جمال آج کل اپنی فیملی کے بارے میں دیے گئے انٹرویوز کی وجہ سے میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
اُنہوں نے کچھ عرصہ قبل اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ میں نے کینسر کا شکار ہونے کے بعد اپنے گھر والوں سے دوری اخیتار کر لی اور اب اکیلا ہی رہتا ہوں۔
بعد ازاں فردوس جمال کے بیٹے حمزہ فردوس کا اپنی پوری فیملی کی طرف سے ایک وضاحتی بیان سامنے آیا جس میں اُنہوں نے اپنے والدین کے درمیان شادی کے 35 سال بعد علیحدگی ہوجانے کا اعلان کیا تھا۔
اب فردوس جمال نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اہلیہ سے علیحدگی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ میرے اہلِ خانہ نے مجھے گھر سے نہیں نکالا، میں خود الگ ہوا ہوں، میں نے آج تک اصل بات کسی کو نہیں بتائی، لیکن میرا اور اہلیہ کا اختلاف گھر کی ایک عورت کی وجہ سے ہوا۔
جس کے بعد اب اداکار کے بیٹے بازل فردوس نے اپنے ایک پیغام میں یوٹیوبرز کو اپنے خاندان کو بدنام کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنی خبروں میں ہمارے خاندان کی تصاویر کا استعمال بند کریں۔
بازل فردوس نے کہا ہے کہ ہماری فیملی میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، سوشل میڈیا پر ہماری ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جن میں میری بیوی، میری والدہ اور میری بہنوں کی تصاویر بھی استعمال کی جا رہی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ میں تمام یوٹیوبرز کو خبردار کرتا ہوں اور انہیں آخری بار وارننگ دے رہا ہوں کہ اپنی ویڈیوز میں ہماری خواتین کی تصاویر کا استعمال کرنا بند کر دیں۔
بازل فردوس نے کہا کہ میں آپ لوگوں کو والد کا انٹرویو لینے سے منع نہیں کر رہا صرف اپنے خاندان کی خواتین کی تصاویر وائرل کرنے سے منع کر رہا ہوں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارا ایک پٹھان فیملی سے تعلق ہے اور ہم یہ برداشت نہیں کر سکتے کہ ہماری فیلمی کی خواتین کی تصاویر سوشل میڈیا کی زینت بنیں اور اگر آپ لوگوں نے یہ سلسلہ بند نہیں کیا تو میں آپ لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کروں گا۔