ورچوئل یونیورسٹی کی ایچ ای سی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں مردوں کی 200 میٹر سپرنٹ میں تیسری پوزیشن

جمعہ 22 نومبر 2024 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2024ء) ورچوئل یونیورسٹی نے 46ویں ایچ ای سی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ اور پی ایم اسپورٹس اولمپیاڈ میں مردوں کی 200 میٹر سپرنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔کراچی سے تعلق رکھنے والے بی ایس سی ایس کے طالب علم اسد جبار نے ملک بھر کی 70 یونیورسٹیوں کے کھلاڑیوں سے مقابلہ کرکے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ اس موقع پر، ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی نے اسد جبار کے لیے ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کی تاریخ میں کھیلوں کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔اس سے قبل وی یو کرکٹ ٹیم نے ایچ ای سی کی مینز چیمپئن شپ میں بھی شرکت کی اور پہلی بار کرکٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا اور اس غیر معمولی پرفارمنس سے اپنا نام روشن کیا۔

(جاری ہے)

ریکٹر ڈاکٹر ارشد سلیم نے کہا کہ چیف آرگنائزر، پروفیسر ڈاکٹر محسن جاوید، ڈین فیکلٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ورچوئل یونیورسٹی میں ایک متحرک کھیلوں کے کلچر کو فروغ دیا اور اس اقدام کو حقیقت بنانے میں ڈائریکٹر اسپورٹس (انچارج) سرمد لطیف میر، ایتھلیٹکس کے کنوینر ذوالفقار احمد نور کے انمول تعاون کو بھی دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں۔انہوں نے کہا مجھے یقین ہے کہ آئندہ آنے والے ملکی سطح کے مقابلوں میں ورچوئل یونیورسٹی بھرپور شرکت کر ے گی اور اس کے طلباء اسی طرح یونیورسٹی کا نام روشن کریں گے۔

اس پر پڑھیں کھیلو ں کی خبریں Header Banner