آل پاکستان انٹر یونیورسٹی بیڈمنٹن چیمپئن شپ کا انعقاد

جمعہ 22 نومبر 2024 21:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2024ء) راولپنڈی ویمن یونیورسٹی نے وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے 47 ویں آل پاکستان انٹر یونیورسٹی بیڈمنٹن چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد کیا، یہ چیمپئن شپ یونیورسٹی اسپورٹس اولمپیاڈ کا حصہ تھی جس میں ملک بھر سے 46 یونیورسٹیوں کی ٹیموں نے سنگلز اور ڈبلز کیٹیگریز میں اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا ، پہلی پوزیشن پنجاب یونیورسٹی لاہور، دوسری پوزیشن لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز اور تیسری پوزیشن عبدالولی خان یونیورسٹی نے حاصل کی، فاتحین کو میڈلز، ٹرافیز اور کیش انعامات سے نوازا گیا، راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر انیلا کمال نے وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اس اقدام کو بھرپور سراہا ، ان کا کہنا تھا کہ ایسے ایونٹس نہ صرف طلبہ کی جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور ٹیم ورک کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، مہمانِ خصوصی خواجہ جنید فوکل پرسن وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام، نے نوجوان کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور ان کی حوصلہ افزائی کی، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس ہائر ایجوکیشن کمیشن جاوید میمن، اور راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی رجسٹرار ہما فواد نے بھی موجود تھیں، ہما فواد نے راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی جانب سے اس شاندار ایونٹ کی میزبانی کو ادارے کی ایک اور بڑی کامیابی قرار دیا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسپورٹس راولپنڈی ویمن یونیورسٹی اور مینجر بیڈمنٹن چیمپئن شپ صدف راؤ کی محنت کو سراہا، یہ بات قابل ذکر ہے کہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی پہلے بھی قومی سطح پر آل پاکستان انٹر یونیورسٹی روئنگ چیمپئن شپ اور جوڈو چیمپئن شپ جیسے ایونٹس کی میزبانی کر چکی ہے۔

اس پر پڑھیں کھیلو ں کی خبریں Header Banner