ہسپتال میں مردہ قرار دیا گیا شخص آخری رسومات سے قبل اچانک زندہ ہوگیا

نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت میں ڈاکٹرز کی جانب سے مردہ قرار دیا گیا شخص اپنی آخری رسومات سے قبل اچانک زندہ ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ نوجوان کا نام روہتاش ہے جو قوت گویائی اور سماعت سے محروم ہونے کے ساتھ یتیم خانے میں زندگی گزار  رہا تھا۔روہتاش کی طبیعت خراب ہونے کے سبب اسے علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ روہتاش  کی لاش کو مردہ خانے میں رکھا گیا اور بعد میں رسمی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اسے ایمبولینس کے ذریعے شمشان گھاٹ لے جایا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جب روہتاش کی لاش کو ہندو رسم و رواج کے مطابق جلانے کیلئے تیاریاں کی ہی جارہی تھیں تو روہتاش اچانک سانس لینے لگا اور  اس کا جسم حرکت کرنے لگا جسے دیکھ کر لوگ خوفزدہ ہوگئے اور روہتاش کو فوری اسپتال لے گئے جہاں آئی سی یو میں کچھ وقت گزارنے کے بعد اس کی طبیعت میں بہتری آگئی اور ڈاکٹرز نے روہتاش کی صحت کو خطرے سے باہر قرار دے دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی کارروائی کرتے ہوئے 4 ڈاکٹرز کو نوکری سے فارغ کردیا اور معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بھی بنا دی۔

اس پر پڑھیں بین الاقوامی Header Banner