ڈاکٹر منظور احمد اور پسند خان بلیدی کی چین میں اہم مکالمے میں شرکت

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2024ء) ڈاکٹر منظور احمد، پرو وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ (PCTVI)، اور پسند خان بلیدی، چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی (GPA)، نے چین پاکستان صنعت و تعلیم تعاون ایجنڈے پر ایک اہم مکالمے میں شرکت کی۔ یہ تقریب چین کے شہر جینان میں منعقد ہوئی، جس میں علمی اور صنعتی دنیا کے ممتاز رہنماؤں نے شرکت کی۔اس تاریخی موقع پر ڈاکٹر منظور احمد اور پسند خان بلیدی نے چین کے کئی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ نمایاں معاہدے کیے۔ ان اداروں میں شینڈونگ انسٹی ٹیوٹ آف کامرس اینڈ ٹیکنالوجی، بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف اکنامکس اینڈ مینجمنٹ، شینڈونگ اربن کنسٹرکشن ووکیشنل کالج، اور شینڈونگ ووکیشنل اینیمل سائنس اینڈ ویٹرنری کالج شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ معاہدے لوبہ موزی کالج (COPHC) کے قیام کی راہ ہموار کرتے ہیں، جو پاکستان اور چین کے درمیان علمی، تکنیکی، اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔

تقریب میں چین کے نامور تعلیمی و کاروباری شخصیات نے شرکت کی، جن میں پروفیسر وانگ، صدر شینڈونگ انسٹی ٹیوٹ آف کامرس اینڈ ٹیکنالوجی (SICT)، مسٹر ژانگ باوژونگ، ڈائریکٹر چائنا فاؤنڈیشن فار پیس اینڈ ڈیولپمنٹ، اور مسٹر یو بو، چیئرمین چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ (COPHCL) شامل ہیں۔لوبہ موزی کالج (COPHC) کا مقصد جدید تحقیق، تکنیکی تربیت، اور معیاری تعلیم کو فروغ دینا ہے۔ یہ ادارہ گوادر میں صنعت اور تعلیمی شعبے کے درمیان خلا کو ختم کرنے کا ایک اہم مرکز ہوگا۔ مزید برآں، یہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو، سی پیک، اور میری ٹائم سلک روٹ کے تحت پاکستان اور چین کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، جو جدت، علمی تبادلوں، اور سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔یہ شراکت داری نہ صرف پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی روابط کو مضبوط کرے گی بلکہ گوادر کے نوجوانوں کے لیے عالمی معیار کی تعلیم اور تکنیکی تربیت کے مواقع بھی فراہم کرے گی، جس سے خطے میں خوشحالی اور ترقی کے نئے باب رقم ہوں گے۔

اس پر پڑھیں تمام خبریں Header Banner