بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ : بنگلہ دیش نے ناقابل شکست سری لنکا کی کامیابیوں کا سلسلہ روک دیا، نیپال نے افغانستان کے خلاف 108 رنز سے فتح حاصل کرلی

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2024ء) چوتھے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی اب تک ناقابل شکست ٹیم سری لنکا کوبنگال ٹائیگرزنے قابو کرلیا۔ پیر کومیگا ایونٹ کےتیسرے روز باغ جناح کرکٹ گراؤنڈ پر سری لنکا نے ٹا س جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔بنگلہ دیش نے 20 اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے ۔عاشق الرحمن نے 42 جبکہ محمد سلمان نے 36 رنز بنائے۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنا سکی۔ کپتان چندانہ دیش اپریا نے 44 بالز پر 56 رنز بنائے ،دمیت سندروان نے 21 رنز اسکور کئے۔ مہیدالاسلام نے 4 اوورز میں 18 رنز دے کر 3 اور عارف حسین نے 4 اوورز میں 26 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مہمان خصوصی یو بی ایل کے جنرل منیجر سینٹرل پنجاب محمد عامر نے چیئرمین پی بی سی سی سید سلطان شاہ کے ہمراہ بنگلہ دیش کے مہید الاسلام کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا ۔

(جاری ہے)

25 نومبر کو شیڈول میچ میں پاکستان کو بھارت کے خلاف واک اوور مل گیا۔غنی انسٹیٹیوٹ گراؤنڈ پر نیپال نے افغانستان کے خلاف 108 رنز کے بڑے مارجن سے فتح حاصل کی ، افغانستان نے ٹاس جیت کر نیپال کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔نیپال کے بیٹرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز اسکور کئے ، پدم باڈیلا نے92 ناٹ آؤٹ جبکہ نریش نے 72رنز کی اننگز کھیلی ۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنا سکی۔ کپتان اباسین سیلاب نے عمدہ کھیلتے ہوئے 53 رنز بنائیں نیپال کی جانب سے سنیل مگر نے 18 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں۔افغانستان کے چیئرمین ڈس ایبل بورڈ ززاہد اللہ زرداران نے نیپال کے پدم باڈیلا کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا۔ 26 نومبر منگل کو باغ جناح گراؤنڈ پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین میچ کھیلا جائے گا جبکہ غنی انسٹیٹیوٹ کرکٹ گراؤنڈ پر جنوبی افریقہ اور نیپال کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گے۔

اس پر پڑھیں کھیلو ں کی خبریں Header Banner