26 نومبر ، 2024
معروف پاکستانی اداکارہ ریما خان کی دل کے ڈاکٹر طارق شہاب سے شادی کی 13 ویں سالگرہ کی پروقار اور رنگارنگ تقریب امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی سفیر سمیت مختلف اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اداکارہ ریما خان اور ڈاکٹر طارق شہاب کی شادی کی سالگرہ کی تقریب 22 نومبر کو منعقد ہوئی۔
اس تقریب میں امریکا میں پاکستان کے سفیر مسٹر رضوان سعید شیخ سمیت معززین اور پاکستانی و امریکی دوستوں کے ایک بڑے گروپ نے شرکت کی۔
تقریب کے شرکاء نے واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہ تقریب کو دلکش قرار دیا ہے۔
تقریب میں شریک ایک مہمان کا کہنا ہے کہ جہاں تقریب منعقد ہوئی وہ ہال پیار و محبت سے لبریز تھا، اس ہال کو بہت خوبصورتی سے سجایا گیا تھا اور ماحول بھی شاندار تھا۔
نمائندہ ’جنگ‘ سے فون پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق شہاب نے ریما کے بارے میں کہا کہ ریما ایک عظیم انسان ہیں اور انہیں اپنی زندگی میں پا کر میں خود کو بہت خوش قسمت سمجھتا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ ریما کے دوست کہتے ہیں کہ طارق بھائی نے جیک پاٹ جیت لیا ہے، جس سے میں بھی متفق ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اداکارہ کی شخصیت عجز و انکساری کا پیکر ہے، انہوں نے کبھی یہ محسوس نہیں ہونے دیا کہ وہ ایک مشہور شخصیت ہیں، وہ پہلے دن سے ہی اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ بہت خوبصورتی سے گھل مل گئیں۔
اس موقع پر اداکارہ ریما خان نے کہا کہ طارق کو اپنی زندگی میں پا کر میں بھی خود کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ طارق نے کس طرح اپنے والد کی دیکھ بھال کی جب وہ کوویڈ میں مبتلا تھے اور پچھلے سال جب ان کے دل کے والوو کی سرجری ہوئی تھی۔
اداکارہ نے بتایا کہ میرے والد ہمیشہ طارق کی تعریف اور ان کے حق میں دعائیں کرتے رہتے ہیں، حتیٰ کہ اپنے بچوں سے بھی زیادہ انہیں پیار دیتے ہیں۔
پاکستانی سفیر رضوان شیخ نے اس خوبصورت جوڑے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ جہاں بھی جاتے ہیں حقیقی معنوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں، ان کی جوڑی خوبصورت ہے اور دونوں کی شخصیت بہت شاندار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شہاب ماہرِ امراضِ قلب ہیں اور انہوں نے اپنے خاندان کے افراد سمیت پاکستان کے بہت سے مریضوں کی دیکھ بھال کی ہے۔
تقریب کی شام سحر انگیز، مسحور کن اور کھانا بہت شاندار تھا۔
تقریب میں گلوکار شیری رضا نے اپنے سریلی گیتوں سے لوگوں کو محظوظ کیا۔
ریما اور ڈاکٹر شہاب نے سفیر اور ان کے دوستوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی سالگرہ منانے کے لیے ان کے ساتھ شمولیت اختیار کی۔