راولپندی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 نومبر2024ء ) مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چئیرمین راولپنڈی میں جی ایچ کیو پہنچے جہاں چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چئیرمین کی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی، جی ایچ کیو میں وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی۔ آرمی ترجمان نے بتایا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی، اس دوران جنرل عاصم منیر نے باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر زور دیا، آرمی چیف نے پاک چین تعلقات کی پائیدار اور ہمہ وقتی نوعیت کو اجاگر کیا، آرمی چیف نے تمام حالات میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاک چین تاریخی شراکت داری مزید بڑھنے کے لیے تیار ہے۔
(جاری ہے)
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وائس چیئرمین ژانگ نے سٹریٹجک پارٹنرشپ کے حوالے سے پاکستان کی ثابت قدمی پر تعریف کی، چینی سینٹرل ملٹری کمیشن کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ مہارت کی بھی تعریف کی گئی جب کہ جی ایچ کیو پہنچنے پر جنرل ژانگ یوشیا نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور چینی سینٹرل ملٹری کمیشن نے پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔