لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 نومبر2024ء) پاکستان مرکزی مسلم لیگ پنجاب کے صدر محمد سرور چوہدری نے گزشتہ رات تحریک انصاف کے دھرنے کو بزور طاقت ختم کرنے کے لیے ریاستی مشینری کا استعمال کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ یہ عمل نہ صرف جمہوری اقدار کے منافی ہے بلکہ سیاسی ماحول کو مزید کشیدہ کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔ ہم بارہا یہ باور کروا چکے ہیں کہ تصادم، تشدد اور ٹکراؤ کے رویے مسائل کا حل نہیں ہیں۔ لاہور میں جاری صوبائی میڈیا کوآرڈینیٹرز کی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ تمام سیاسی جماعتوں اور ریاستی اداروں سے اپیل کرتی ہے کہ مسائل کو افہام و تفہیم اور مکالمے کے ذریعے حل کیا جائے۔ طاقت کا استعمال نہ صرف عوام کے اعتماد کو مجروح کرتا ہے بلکہ جمہوری نظام پر بھی منفی اثرات مرتب کرتا ہے . پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا مؤقف ہمیشہ یہ رہا ہے کہ تمام فریقین کو آئین، قانون اور جمہوری روایات کے دائرے میں رہ کر اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے۔
(جاری ہے)
دھرنوں اور احتجاج کے دوران امن و امان کا قیام یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے، لیکن اس کے لیے طاقت کے بے جا استعمال کو کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کو کٹہرے میں لایا جائے۔ مزید برآں، ہم تحریک انصاف کے کارکنان سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور اپنے مطالبات کے لیے پرامن اور قانونی راستے اپنائیں۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ سمجھتی ہے کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لیے قومی اتحاد اور افہام و تفہیم کی اشد ضرورت ہے۔ ہم ہر اس اقدام کی حمایت کریں گے جو ملک میں سیاسی استحکام اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اٹھایا جائے گا۔متعلقہ عنوان :