تصاویر شیئر کیں تو سوشل میڈیا صارفین نے جو باتیں کیں وہ بتا نہیں سکتی،اداکارہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2024ء) سینئر اداکارہ اسماء عباس نے بیٹے کے رنگ پر تنقید کرنے والے سوشل میڈیا صارفین پر برہمی اور ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر نجی ٹی وی پروگرام کے وائرل کلپ میں اداکارہ گفتگو کرتے ہوئے بتا رہی ہیں کہ میرا چھوٹا بیٹا بہت انٹرو ورٹ ہے، ویسے تو وہ گلوکار ہے اور دو تین ڈراموں میں بھی آیا ہے لیکن وہ اپنے آپ میں رہنے والا ہے، نہ ہمارے ساتھ کہیں جاتا ہے اور نہ تصاویر پوسٹ کرنے دیتا ہے۔اسما عباس نے کہا ہمارا کپڑوں کا اکٹھا کام ہے تو میں اسے ایک شو میں بڑی مشکل سے لے کرگئی تھی، وہ کہتا ہے میں کچھ نہیں ہوں، آپ لوگوں کے ساتھ کیوں جائوں کہیں۔اداکارہ نے کہا میرے بیٹے کی دعائے خیر تھی، تھائی لینڈ جانے کی وجہ سے اس کا رنگ خراب ہوگیا تھا، میں نے دعائے خیر کی تصاویر شیئر کیں تو سوشل میڈیا صارفین نے اس پر جو باتیں کیں وہ میں بتا نہیں سکتی۔
(جاری ہے)
اسما عباس نے بتایا میرے بیٹے کو اتنا برا کہا گیا کہ میرا دل خراب ہوگیا، میرے بچے کا دل خراب ہوگیا، اس کے دوست اسے کلپس نکال نکال کے بھیج رہے تھے کہ دیکھو ایسے کہا جارہا ہے، مجھے بیٹے کے سامنے اس قدر شرمندگی ہوئی، سوشل میڈیا صارفین نے جو باتیں کیں وہ بتا نہیں سکتی۔ اداکارہ نے بتایا کہ بیٹے نے مجھے کہاکہ برائے مہربانی اماں میری تصاویر نہ ڈالا کریں، نہ میرا سوشل میڈیا پر نام لیا کریں۔انہوں نے کہا پھر تو میں نے سوچ لیا کہ کوئی تصویر بیٹے کی پوسٹ نہیں کروں گی۔