31 جولائی ، 2024
پیرس اولمپکس میں میڈلز جیتنے پر انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی (آئی او سی) کی جانب سے تو کوئی انعامی رقم نہیں لیکن مختلف ممالک نے اپنے ایتھلیٹس کےلیے پُرکشش انعامات کا اعلان کردیا جس میں سرفہرست ہانگ کانگ ہے۔
ہانگ کانگ کے ایتھلیٹس کو گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستانی کرنسی کے مساوی 21 کروڑ روپے ملیں گے۔
پیرس میں جاری اولمپکس میں کھلاڑیوں کے درمیان میڈلز کی جنگ جاری ہے اور اس جنگ میں پلیئرز کے حوصلے بلند رکھنے کےلیے مختلف ملکوں نے ایتھلیٹس کےلیے انعامات کا اعلان کیا ہے۔
ہانگ کانگ کے اعلان کے مطابق گولڈ میڈل جیتنے پر اس کے ایتھلیٹ کو 7 لاکھ 68 ہزار امریکی ڈالرز ملیں گے جو پاکستانی کرنسی میں 21 کروڑ سے زائد بنتے ہیں۔ سلور میڈلسٹ کو تین لاکھ 84 ہزار ڈالرز جبکہ برانز میڈلسٹ کو ایک لاکھ 92 ہزار ڈالرز ملیں گے۔
سنگاپور کے حکام اپنے ایتھلیٹس کو گولڈ میڈل پر 7 لاکھ 45 ہزار امریکی ڈالرز یعنی 20 کروڑ پاکستانی روپے انعام دیں گے۔
پاکستانی کرنسی کے اعتبار سے انڈونیشین ایتھلیٹس کو گولڈ میڈل جیتنے پر 8 کروڑ 36 لاکھ، قازق ایتھلیٹس کو 6 کروڑ 97 لاکھ اور ملائیشین ایتھلیٹس کو 6 کروڑ ملیں گے۔
اسپین کے ایتھلیٹس کو گولڈ میڈل جیتنے پر ایک لاکھ امریکی ڈالرز سے زائد انعام ملے گا جو دو کروڑ 84 لاکھ پاکستانی روپے کے برابر ہے۔
فرانس کے گولڈ میڈلسٹس پاکستانی کرنسی میں دو کروڑ 42 لاکھ، جنوبی کوریا کے سوا کروڑ اور امریکی ایتھلیٹس کو حکام سے ایک کروڑ 60 لاکھ پاکستانی روپے کے مساوی انعام ملے گا۔
پاکستان کی 2007 میں منظور ہونیوالی اسپورٹس پالیسی کے مطابق اولمپک گولڈ میڈلسٹ ایک کروڑ روپے کا حقدار ہوگا۔ پاکستانی حکومت سلور میڈلسٹ کو 50 لاکھ اور برانز میڈلسٹ کو 30 لاکھ انعام دیتی ہے۔