اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2024ء) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے پیرس اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹس کی محنت اور لگن کو سراہا اور اپنے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے سمر اولمپک کے باوقار ایونٹ تک پہنچنے کے لئے برسوں محنت کی ہے ، تمغے جیتنے کے لئے وسیع تر ہم آہنگی اور باہمی تعاون کی ضرورت ہوتی ہے، اس حوالہ سے درکار ماحول کو فروغ دینے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز اور ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔ بدھ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا گیا کہ اولمپک گیمز میں حصہ لینے والے تمام پاکستانی ایتھلیٹس نہ صرف اپنے ایونٹس میں قومی سطح پر بہترین ہیں بلکہ انہوں نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور متعلقہ انٹرنیشنل سپورٹس فیڈریشن کے مستعد طریقہ کار کے ذریعے انٹری حاصل کی۔
(جاری ہے)
ایسوسی ایشن کے بیان میں کہا گیا کہ ان کھلاڑیوں نے اس باوقار ایونٹ تک پہنچنے کے لیے برسوں کی محنت کی ہے جبکہ تمغے جیتنے کے لیے وسیع تر ہم آہنگی و تعاون کی ضرورت ہوتی ہے جس کا حصول صرف اس صورت میں ممکن ہے جب معاشرے کا ایک اہم حصہ خاص طور پر نوجوان متعلقہ اداروں کے تعاون سے کھیلوں کو اپنائیں اور فعال طور پر اس میں مشغول ہوں۔ اس ماحول کو فروغ دینے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز اور ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔ بیان کے مطابق پاکستانی تیراک جہاں آرا نبی اور احمد درانی بیرون ملک تربیت لے رہے ہیں، اپنی تربیت کا انتظام عوامی فنڈنگ کے بغیر رضاکارانہ طور پر کر رہے ہیں۔ ہم ان کی لگن کی بہت تعریف کرتے ہیں اور ان کے والدین کی طرف سے بھرپور تعاون کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں اور انہیں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔