اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے ہونیوالی متوقع قانون سازی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے کل جو قانون سازی ہونے جا رہی ہے وہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے،ہم اس قانون سازی کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے، سپریم کورٹ کا فیصلہ پہلے ہی آ چکا ہے،آپ عدل و انصاف پر مبنی فیصلوں کو نظر انداز نہیں کر سکتے،سپریم کورٹ کے فیصلوں کو نہ ماننا بھی غیرآئینی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کاکہناتھا کہ انہوں نے پہلے بھی این آر او لیا تھا اور نشستیں خود لی تھی،یہ اب دوسرا این آر او لینا چاہتے ہیں جسے ہم نہیں مانیں گے، میری چیف جسٹس سمیت عدلیہ سے گزارش ہے آپ اقلیت میں سہی مگر فیصلہ پر عمل درآمد کروانا آپکی آئینی ذمہ داری ہے،بیرسٹر گوہر کا مزید کہناتھا کہ یہ نشستیں ہماری ہیں اور ہماری ہی رہیں گی،کوئی بھی قانون سازی جو اس فیصلے پر عمل درآمد کے خلاف ہو غیر آئینی ہے،ہم اس قانون سازی کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔