حکومت پنجاب نشتر ہسپتال سے آرتھوپیڈک اور نیورو سرجری وارڈز کو ختم کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے،علی حیدر گیلانی

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2024ء) ممبر صوبائی اسمبلی و پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید علی حیدر گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نشتر ہسپتال سے آرتھوپیڈک اور نیورو سرجری وارڈز کو ختم کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے،نشتر ون سے نیورو سرجری اور آرتھو پیڈک کے شعبوں کی نشتر ٹو منتقلی کا معاملہ پنجاب اسمبلی میں بھی اٹھاوں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں ملتان پریس کلب میں صوبائی اسمبلی کے ممبران رانا اقبال سراج اور واصف مظہر راں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔علی حیدر گیلانی نے کہا کہ نشتر ہسپتال نہ صرف جنوبی پنجاب بلکہ بلوچستان اور سندھ تک کے لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کر رہا ہے،نشتر ہسپتال ملتان شہر کے وسط میں موجود ہے جو لوگوں کی پہنچ میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاحکومت پنجاب کانشتر ون کے دو بڑے اہم شعبوں نیوروسرجری اور آرتھو پیڈک کو نشتر ٹو شفٹ کرنے کا نوٹیفکیشن سامنے آیا،دونوں شعبوں کے نشتر ون سے نشتر ٹو منتقل ہونے سےشہریوں کو پریشانیوں کا سامنا،حکومت پنجاب سے گزارش ہے کہ نشتر ہسپتال ملتان سے آرتھوپیڈک اور نیورو سرجری وارڈز کو فی الفور نشتر 2 منتقل کرنے کے فیصلے کو واپس لیا جائے،حکومت پنجاب کو چاہیے کہ نشتر ون اور نشتر ٹو میں ایک جیسی طبی سہولیات فراہم کر ے تاکہ جنوبی پنجاب سمیت بلوچستان اور سندھ کے لوگ بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔علی حیدر گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے ہمارے خاندان کو جنوبی پنجاب کے عوام نے بھاری مینڈیٹ دیا ہے،ہمارے خاندان نے ہمیشہ سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھ کرملتان شہرسمیت جنوبی پنجاب کی ترقی اور یہاں کے عوام کی خوشحالی کیلئے عملی کوششیں کیں،ہم نے جنوبی پنجاب خطے میں بڑے ترقیاتی منصوبے کروائے،جنوبی پنجاب کی جوخدمت گیلانی خاندان نے کی وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،ہمیں جب بھی موقع ملا خطے کے عوام کی ترقی کےلئے سب سے آگے بڑھ کر کام کیا،ہم خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور عوام الناس کی خدمت کےلئے کام کرتے رہیں گے،یقین دلاتا ہوں کہ جنوبی پنجاب خطے کی مزید ترقی کیلئے بھی ہرممکن کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ یہاں کی عوام کے احساس محرومی کوختم کیا جا سکے۔علی حیدر گیلانی نے کہا کہ نیوروسرجری اور آرتھو پیڈک کے شعبوں کو نشتر ون سے نشتر ٹو منتقل نہ کیا جائے،حکومت پنجاب کو چاہیے کہ وہ دونوں ہسپتالوں میں ہی تمام طبی شعبوں کی سہولیات فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ نشتر ٹو کو اوریجنل پلان کے مطابق بنایا جائے،نشتر ٹو کے تمام شعبوں کا سٹاف مکمل کیا جائے،پی سی ون کے مطابق نشتر ٹو میں ایک ہزار بیڈز ہونے چاہیں،نشتر ون آئی سی یو میں بیڈز کی تعداد بہت کم ہے،نشتر ون کے آئی سی یو وارڈز کی تعداد میں اضافہ ہونا چاہیے۔علی حیدر گیلانی نے مزید کہا کہ لاہور کے بڑے ہسپتالوں میں تمام سہولیات اور شعبہ جات موجود ہیں،حکومت پنجاب سے درخواست ہے کہ نشتر ون اور نشتر ٹو میں بھی ویسے ہی تمام تر طبی سہولیات اور شعبہ جات ہونے چاہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز ملتان کا دورہ کر کے نشتر ون اور نشتر ٹو میں سہولیات کا جائزہ لیں،وزیر اعلیٰ پنجاب ملتان آئیں گی تو انہیں یہاں کے مسائل کا ادراک ہو گا۔علی حیدر گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جنوبی پنجاب صوبہ کی بات کی ہے،جلد الگ صوبے کی منزل پا لیں گے۔انہوں نے کہا رواں سال کے بجٹ پر پیپلز پارٹی کو تحفظات ہیں،اپنے تحفظات سے متعلق حکومت کو آگاہ کیا ہے،حکومت نے بجٹ تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں علی حیدر گیلانی نے کہا کہ ملک میں بجلی کے بلوں کے قیمتوں میں اضافہ سے عوام الناس پر بوجھ بڑھ گیا ہے،غریب عوام بجلی کے بل بھرنے کی استطاعت نہیں رکھتے،سابق وزیراعظم نواز شریف،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور وزیر اعلی مریم نواز نے بھی بجلی کے بڑھتے بلوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے ،حکومت کو چاہئے کہ بجلی کے بلوں سمیت عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے۔

اس پر پڑھیں قومی خبریں Header Banner