لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اگست 2024ء) پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) کے انتخابات قریب آتے ہی لاہور میں پاکستان انجینئرز فورم (پی ای ایف) کی انتخابی مہم زور پکڑ رہی ہے، پاکستان انجینئرنگ کونسل کے انتخابات 18 اگست 2024 کو منعقد ہوں گے۔ پی ای ایف کے امیدوار انجینئر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن پاکستان انجینئرنگ کونسل میں ایسی انقلابی تبدیلیاں لانے کے لیے پرعزم ہیں جن سے ملک بھر کے انجینئرز کو فائدہ پہنچے گا۔
پی ای سی گورننگ باڈی الیکٹریکل پنجاب کے امیدوار انجینئر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن نے لاہور میں انجینئرز کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان انجینئرز فورم کا منشور پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن جیتنے پر ان کا پینل پاکستان انجینئرنگ کونسل کی بہتری کیلئے متعدد اسٹریٹجک اقدامات کرے گا۔
(جاری ہے)
انجینئر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن نے کہا کہ ہم انجینئرز کیڈر کے قیام اور خواتین انجینئرز کے لیے خصوصی کوٹہ مختص کرانے کیلئے کام کریں گے جس کا مقصد خواتین کی اس پیشے میں شمولیت کو فروغ دینا ہے۔ ہم انجینئر کو نئے کاروبار کیلئے معاونت فراہم کرنے کیلئے انکیوبیشن سنٹرز بھی بنائیں گے، انجینئرز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ایگزیکٹیو ٹریننگ فراہم کریں گے اور نئے گریجویٹس کے لیے مختلف منصوبوں میں ملازمت کے مواقع بھی پیدا کریں گے۔
اس موقع پر انجینئر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن نے شرکا کو پاکستان انجینئرنگ کونسل کے انتخابات کے لیے ای ووٹنگ متعارف کرانے اور گورننگ باڈی کے انتخابات میں نوجوان انجینئرز کی شرکت میں سہولت فراہم کرنے کے اپنے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ نوجوان انجینئرز کا جوش و جذبہ اور تعاون ہمارے مشن کو آگے بڑھائے گا، انتخابات میں ان کے ووٹوں سے ہم اپنے وژن کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔