ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارتی میڈیا پر کئی روز سے بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے میں علیٰحدگی کی افواہیں زیر گردش ہیں تاہم دونوں کی خاموشی اہم قرار دی گئی ہے ،سوشل میڈیا پرابھیشیک کی ویڈیو کا بغور جائزہ لیا جائے تویہ ظاہر ہوتا ہے کہ ویڈیو جعلی ہے ۔
بھارتی میڈیا پر کئی روز سے بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے میں علیٰحدگی کی افواہیں زیر گردش ہیں جبکہ اسی دوران ابھیشیک کے ایشوریا سے علیٰحدگی کے اعلان کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے بھارتی میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں ابھیشیک بچن کو جولائی میں ایشوریا سے علیٰحدگی کے فیصلے پر بات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔وائرل ویڈیو میں ابھیشیک بچن کا کہنا تھا کہ ’ جولائی میں ایشوریا اور میں نے ایک دوسرے سے علیٰحدگی کا فیصلہ کیا ہے، گزشتہ کئی برسوں سے ہم اپنی بیٹی آرادھیا کیلئے ایک ہیں لیکن آج میں آپ سے ایشوریا سے طلاق کی وجوہات پر بات کروں گا ‘۔
حقیقت کیا ہے؟اگر ابھیشیک کی ویڈیو کا بغور جائزہ لیا جائے تو ویڈیو میں اداکار کے لپ سنکنگ کو واضح انداز میں دیکھا جاسکتا ہے، دوسری بات ویڈیو میں کیے گئے جوڑ توڑ بھی واضح ہیں اور پھر ویڈیو میں ابھیشیک کی گفتگو بھی نامکمل ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ ویڈیو جعلی ہے جو کہ اے آئی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے تیار کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بالی ووڈ اداکار عامر خان، رنویر سنگھ، کترینہ کیف اور کاجول جیسی مشہور بالی ووڈ شخصیات بھی ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا شکار ہوچکی ہیں۔ایشوریا اور ابھیشیک کے درمیان طلاق کی خبریں دن بدن زور پکڑتی جارہی ہیں جس کی بنیادی وجہ دونوں کا کئی عرصے سے ایک ساتھ نہ دکھائی دینا ہے جبکہ بھارتی میڈیا پر سنسنی خیز خبروں کے باوجود نہ صرف دونوں اداکار خاموش ہیں بلکہ بچن خاندان نے بھی کسی قسم کی لب کشائی نہیں کی۔