سیئول (ڈیلی پاکستان آن لائن)معروف میوزیکل بینڈ بی ٹی ایس کے رکن سوگا نے نشے کی حالت میں ای بائیک چلانے پر معذرت کرلی۔
جنوبی کوریا کے مشہور پاپ بینڈ بی ٹی ایس کے ریپر سوگا کو پولیس نے نشے کی حالت میں ای بائیک چلانے پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے ان کا لائسنس معطل کردیا۔جس پر سوگا نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ٹریفک کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے، اپنے گھر کے قریب ہونے کی وجہ سے میں خود کو آرام دہ محسوس کررہا تھا اور مجھے نہیں معلوم تھا کہ نشے کی حالت میں ای بائیک کا استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ’میں اپنی لا پرواہی اور غلط رویے کی وجہ سے متاثر ہونے والے تمام لوگوں سے معذرت خواہ ہوں۔
خیال رہے کہ جنوبی کوریا میں ای، بائیک کے استعمال کیلئے لائسنس کی ضرورت ہوتی ہے اور نشے کی حالت میں ڈرائیونگ یا دوسروں کو نقصان پہنچانے پر سزائیں بھی دی جا سکتی ہیں۔
بی ٹی ایس نے 2013 میں اپنے پہلے گانے ’نو مور ڈریمز‘ کے ساتھ کورین پاپ موسیقی کو دنیا بھر میں متعارف کروایا تھا جس کے بعد اس بینڈ نے دنیا بھر میں بےحد مقبولیت حاصل کی تھی تاہم بی ٹی ایس کے ارکان نے جون 2022 میں گروپ پروجیکٹس سے وقفہ لیا تھا اور اب سولو سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔