برطانیہ اور جاپان سے غیرقانونی طور پر بی ایم ڈبلیو الیکٹرک گاڑیاں درآمد کرنے والوں کے لیے وارننگ جاری 

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں بی ایم ڈبلیو گاڑیاں درآمد کرنے کی مجاز کمپنی ’دیوان موٹرز‘ نے برطانیہ اور جاپان سے غیرقانونی طور پر بی ایم ڈبلیو الیکٹرک گاڑیاں درآمد کرنے والوں کے لیے وارننگ جاری کر دی۔ نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق دیوان موٹرز کی طرف سے جاری ایک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ”کمپنی کے مشاہدے میں یہ بات آئی ہے کہ کچھ تاجر اور ڈیلرز اختیار نامے کے بغیر پاکستانی مارکیٹ میں بی ایم ڈبلیو الیکٹرک گاڑیاں درآمد کر رہے ہیں۔“
نوٹس میں کمپنی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ”یہ گاڑیاں اپنی اصلی مارکیٹس کی مناسبت سے ڈیزائن کی جاتی ہیں اور پاکستانی قواعد و ضوابط اور معیارات پر پوری نہیں اترتیں جن میں فیول کوالٹی و دیگر شامل ہیں۔ برطانیہ اور جاپان جیسی مارکیٹس کے لیے بنائی جانے والی بی ایم ڈبلیو گاڑیوں میں پاکستانی فیول کا استعمال سیفٹی اور سکیورٹی رسک ثابت ہو سکتا ہے۔“
کمپنی کا کہنا ہے کہ ”صارفین کے تحفظ کے لیے دیوان موٹرز کی طرف سے واضح کیا جا رہا ہے کہ وارنٹی کلیم کرنے کے لیے بی ایم ڈبلیو گاڑیوں کا مقامی مارکیٹ کے قواعدوضوابط پر پورا اترنا ضروری ہے۔ چونکہ غیرمجاز ڈیلرز اور تاجروں کی طرف سے درآمد کی جانے والی گاڑیاں ان پر پوری نہیں اترتیں لہٰذا ان کے مالکان وارنٹی کلیم نہیں کر سکتے۔ صارفین کسی بھی طرح کی مشکل صورتحال سے بچنے کے لیے مجاز ڈیلرنیٹ ورک ’دیوان موٹرز‘ کے ذریعے ہی بی ایم ڈبلیو گاڑیاں خریدیں۔“

اس پر پڑھیں روزنامہ پاکستان - کاروبار Header Banner