کراچی (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ کو گولف لیگ میں اپنے شوہر اور گولف پلیئر حمزہ امین کے ساتھ شرکت کرنا مہنگا پڑگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں اپنا لوہا منوانے والی اداکارہ اشنا شاہ نے سال 2023 میں گولفر حمزہ امین سے شادی کی جس کے بعد سے اداکارہ اکثر بیرونِ ملک گھومتی پھرتی نظر آتی ہیں۔
ان دنوں اشنا شاہ کو آئے روز سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے جس کی وجہ اشنا شاہ کے ملبوسات ہیں۔اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ جاری کی جس میں انہیں حمزہ امین کے ہمراہ گولف لیگ سے لطف اندوز ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پوسٹ کے کیپشن میں اشنا شاہ نے لکھا کہ ’لِو گولف لیگ کی ایک الگ وائب ہے، دلچسپ گولف کا مقابلہ دیکھنے کا موقع ملا اور کچھ نئے دوست بھی بنائے‘۔ویڈیو میں اداکارہ اپنے شوہر کے ساتھ کار میں سوار ہوکر کھیل کے مقام پر پہنچیں اور اپنی سینڈل اتار کر جوتے پہنتی نظر آئیں۔
اشنا شاہ نے اس موقع پر سفید شرٹ پہن رکھی تھی جبکہ ٹانگیں برہنہ نظر آرہی تھیں جس کے سبب سوشل میڈیا صارفین نے پوسٹ کے کمنٹ سیکشن کا رخ کیا اور اداکارہ پر تنقید کی برسات کرنی شروع کردی۔اداکارہ نے سفید لباس کے علاوہ ایک خاکی رنگ کا کوٹ اسٹائل ٹاپ بھی پہنا جو مغربی فیشن کی بھرپور عکاسی کر رہا تھا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’لگتا ہے جلدی جلدی میں آپ صرف شرٹ پہن کر ہی گھر سے باہر آگئیں‘ ۔
ایک انسٹاگرام صارف نے لکھا کہ ’آپ پاکستانی اداکارائیں بھی دھیرے دھیرے بےحیا ہوتی جارہی ہیں‘ ، جبکہ ایک اور صارف نے ان لوگوں کو آڑے ہاتھوں لیا جو اشنا شاہ کی حمایت میں بول رہے تھے اور لکھا کہ ’ برائی کو زبان سے روک نہیں سکتے تو زبان سے برا ہی کہہ دو‘۔