08 اگست ، 2024
یہ بات سننے میں چاہے نامناسب لگے لیکن اس مضمون کو پڑھنے کے بعد آپ جان جائیں گے کہ باسی روٹی کے روایتی ناشتے میں غذائیت سے متعلق بہت سے فوائد چھپے ہیں جن سے اکثر افراد ناواقف نظر آتے ہیں۔
باسی روٹی بنیادی طور پر پرانی روٹی (رات کے کھانے کے لیے پکائی گئی، بچ جانے والی) کو کہا جاتا ہے جسے اکثر اوقات صبح کھانے کے بجائے بھوسی ٹکڑوں میں ڈال دیا جاتا ہے۔
باسی روٹی صبح کا بہترین ناشتہ کیسے بن سکتی ہے؟ آئیے اس سے متعلق جانتے ہیں۔
غذائی ماہرین کا بتانا ہے کہ صحت مند کاربوہائیڈریٹ سے لے کر فائبر تک، باسی روٹی میں وہ سب کچھ پایا جاتا ہے جس کی آپ کو اپنا دن کا آغاز کرتے ہوئے ضرورت پڑتی ہے۔
روٹی باسی ہو کر کمپلیکس کاربوہائیڈریٹس کا پاور ہاؤس بن جاتی ہے، روٹی کے باسی ہونے پر گندم کے پیچیدہ کاربوہائیڈریٹ برقرار رہتے ہیں جو توانائی حاصل کرنے کے لیے بہت ضروری قرار دیے جاتے ہیں۔
یہ کاربوہائیڈریٹ گلوکوز کو آہستہ آہستہ خون میں شامل کرتے ہیں جو کہ صبح کے اوقات میں توانائی کا ایک مستقل سلسلہ فراہم کرنے میں مدد دیتے ہیں، تصور کریں کہ اس سے بہتر کیا ہو سکتا ہے کہ آپ کی غذا بلڈ شوگر کو بڑھانے کے بجائے آپ کو گھنٹوں بھر پور اور توانا محسوس کروائے۔
فائبر انسانی جسم کے لیے بے حد ضروری قرار دیا جاتا ہے اور باسی روٹی اس سے بھرپور ہوتی ہے، مکمل اناج سے بننے والی روٹی فائبر سے بھرپور اور ہاضمے کے لیے صحت بخش قرار دی جاتی ہے، باسی روٹی میں موجود فائبر آنتوں کو ہموار حرکت کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے اور قبض کو روکتا ہے۔
صرف یہی نہیں فائبر آپ کو سیر رکھنے اور زیادہ کھانے کے امکانات کو کم کرکے صحت مند وزن کو برقرار رکھنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ جب روٹی کو رات بھر کے لیے چھوڑ دیا جاتا ہے تو اس میں ہلکا سا خمیر پیدا ہو جاتا ہے، یہ خمیر غذا کے لیے ایک نعمت ہے۔
خمیر شدہ کھانوں کو ان کی پروبائیوٹکس خصوصیات کے لیے جانا جاتا ہے جو کہ فائدہ مند بیکٹیریا کی افزائش اور آنتوں کی صحت کو بہتر بناتا ہے، یہ پروبائیوٹکس نظامِ انہضام اور مدافعتی افعال کو بہتر بنا کر موڈ اور دماغی صحت پر بھی مثبت اثر ڈال سکتے ہیں۔
باسی روٹی ضروری وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور ہوتی ہے:
باسی روٹی ضروری وٹامنز اور معدنیات بھی فراہم کرتی ہے، بشمول آئرن، کیلشیم، اور بی وٹامنز، یہ غذائی اجزاء مجموعی صحت کے لیے اہم قرار دیے جاتے ہیں۔
آئرن ہیموگلوبن کی پیداوار بڑھاتا ہے جو خون میں آکسیجن کی نقل و حرکت کے لیے ضروری ہے۔
کیلشیم مضبوط ہڈیوں اور دانتوں کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے جبکہ وٹامنز بی توانائی کے حصول اور دماغی کام میں کردار ادا کرتے ہیں۔
ایک ایسی دنیا میں جہاں دن بہ دن سپلیمنٹس کا استعمال بڑھتا جا رہا ہے وہاں باسی روٹی ان اہم غذائی اجزاء کا قدرتی، صحت بخش اور سستا ذریعہ ہے۔
باسی روٹی کو ناقابل یقین حد تک ناشتے کے لیے لذیذ بنایا جا سکتا ہے، اس کے ذائقے اور غذائیت کو بڑھانے کے لیے تازہ، غذائیت سے بھرپور اجزاء جیسے کہ دہی، اچار یا سبزیوں کے ساتھ کھایا جا سکتا ہے۔