لاہور (نمائندہ خصوصی) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا کہ ، وزیراعلیٰ پنجاب ایک ناجائز کرسی پر بیٹھی ہیں۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، مسلم لیگ( ن) لاہور میں نہ صوبائی سیٹ جیتی نہ قومی۔وزیراعلیٰ پنجاب ایسا تاثر دیتی ہیں جیسے مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر ہیں، سپریم کورٹ نے بھی کہہ دیا پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے لیکن مخالفین کو برداشت نہیں کیا جارہا، آپ نے مخالفین کو جلسے کرنے کی اجازت بھی نہیں دی۔ووٹ کو عزت دینے کا نعرہ مارنے والے اپنے مخالفین کو جلسہ جلوس کرنے کی اجازت دینے کو تیار نہیں۔اگر نواز شریف میں اخلاقی جرأت ہوتی تو الیکشن ہارنے کو قبول کرلیتے
مہنگائی سے متعلق اسد قیصر نے کہا کہ عام آدمی بجلی کے بل کیسے ادا کرے گا حکومت ان کو ریلیف فراہم کرے، گندم سکینڈل آیا کسان رو رہا تھا، ہم عوام کے ساتھ پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فل کورٹ نے مخصوص نشستوں پر فیصلہ کیا، سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف قانون سازی کی گئی ہے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے صدر چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات ہوئی، ہم 14 اگست کو جلسے اور جلوس نکالیں گے، حقیقی آزادی کا مطلب آئین اور قانون کی بالادستی ہے۔چاروں صوبوں میں حقیقی آزادی کیلئے سیمینار کریں گے۔ حقیقی آزادی کا مظلب آئین اور قانون کی بالادستی ہے،پاکستان کو آگے لیجانے کیلئے آئین پر عملدرآمد کروانا ہوگا۔