اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل نے اپنی سفاکانہ کارروائیوں کی تمام حدیں پار کر دی ہیں اور سکول کے بچوں پر حالیہ حملہ بھی اس کی کھلی جارحیت کا ثبوت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین کے سکول پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بربریت کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ شہباز شریف نے عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ پر زور دیا کہ اسرائیل کی سفاکیت کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
شہباز شریف نے حملے میں شہید ہونے والوں کے بلندی درجات کی دعا اور ان کے خاندانوں سے اظہار تعزیت بھی کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم ایک بار پھر اپنا مطالبہ دہراتے ہیں کہ فلسطینیوں کی نسل کشی اور جنگی جرائم پر اسرائیلی قیادت اور سیکیورٹی فورسز کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔اسرائیل کو اس کی ظالمانہ کارروائیوں کی کڑی سزا دی جائے اور اس کے خلاف عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کروایا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہر محاذ پر اپنے فلسطینی بہنوں اور بھائیوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
یاد رہے کہ غزہ کے مشرقی علاقے الدراج میں واقع سکول پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔