کراچی/اسلام آباد/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوجوانوں کو یقین دلایا ہے کہ ان کی جماعت اپنی اولین ترجیحات میں نوجوانوں کے بااختیار بنانے کو ہمیشہ شامل رکھے گی اور نوجوانوں کو ان کی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے مواقع فراہم کرنے کی کوششوں میں اپنا قائدانہ کردار جاری رکھے گی۔ میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نوجوانوں کے عالمی دن پر پی پی پی چیئرمین نے پاکستانی نوجوانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور اقوام متحدہ کے 2024 کے تھیم کلک سے ترقی تک: پائیدار ترقی کے لیے نوجوانوں کے ڈیجیٹل راستے کی توثیق کی، جو پائیدار ترقی کے فروغ میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے اہم کردار کو اجاگر کرتا ہے۔
(جاری ہے)
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ نوجوان پاکستان کے مستقبل کے حقیقی معمار ہیں اور ریاست و معاشرے دونوں کا فرض ہے کہ انہیں تعلیم، ہنر اور مواقع فراہم کریں تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریہ کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوجوانوں کو بھٹو قائدین کی زندگی اور نظریات کا مطالعہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے قوم کے لیے اپنی جانیں قربان کردیں اور بنیادی حقوق کے لیے جدوجہد کی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جمہوری عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے آواز کو مثبت تبدیلی کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کے مستقبل کو تشکیل دینے کی طاقت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی شمولیت ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے ضروری ہے جو انصاف، مساوات، اور جمہوریت کے اقدار کو برقرار رکھتا ہو۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یقین دلایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نوجوانوں کے حقوق اور امنگوں کی حمایت جاری رکھے گی، اور سب کے لیے ایک خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرے گی۔