لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ معاہدے کا فالو اپ کریں گے، معاہدہ تکمیل تک نہ پہنچا تو پھر دھرنا دیں گے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان آج اگلا لائحہ عمل بتائیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت کے ساتھ تحریری معاہدے میں ہم نے لکھا ہے کہ بجلی کی قیمتیں ناقابلِ برداشت ہیں۔ہمارا مطالبہ تھا سرکاری ملازمین اپنی مراعات چھوڑیں اور 1300 سی سی تک گاڑی استعمال کریں، تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیا جائے، بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے، وفاق نے اعلان کیا ہے کہ وہ صوبوں کے ساتھ مل کر جاگیرداروں پر ٹیکس لگائیں گے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مہم چلائی جا رہی ہے کہ ہم بجلی مہنگی کروا کر واپس آئے۔ ہمارا معاہدہ رات 11 بجے ہوا جبکہ بجلی کے نرخ صبح ہی بڑھ چکے تھے، ہم فالو اپ کریں گے، جلسے جاری رکھیں گے، اگر معاہدہ تکمیل تک نہ پہنچا تو پھر دھرنا دیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ارشد ندیم کی محنت اس بات کا ثبوت ہے کہ اس قوم میں طاقت موجود ہے، اگر یہاں بھی کھیلوں کو فروغ دیا جائے تو ہر کھیل میں ترقی کریں گے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں محفوظ ہوں گی تو یہ ترقی کا راستہ بنے گا، اسلام اقلیتوں کا سب سے زیادہ بڑا علم بردار ہے، اسلام کسی پر بھی مذہب تبدیل کرنے کےلیے زور دینے کی اجازت نہیں دیتا۔