لاہور(سپورٹس رپورٹر)پنجاب کی سب سے بڑی آزادی میراتھن اور فیملی فن ریس کا انعقاد اتوار کے روز لبرٹی چوک لاہور میں کیا گیا ہے۔صوبائی وزیرکھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھراورامریکی قونصلیٹ جنرل لاہور کرسٹن کے ہاکنز میراتھن کے مہمان خصوصی تھے، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب پرویز اقبال بھی اس موقع پر موجود تھے،امریکی قونصلیٹ جنرل لاہور کرسٹن کے ہاکنز نے 12کلومیٹر میراتھن میں حصہ لیا ہے، لبرٹی چوک میں فیملی فن ریس اور میراتھن میں ملک بھر سے4ہزار سے زائد مردوخواتین اور غیر ملکی اتھلیٹس نے شرکت کی ہے،صوبائی وزیرکھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے12کلومیٹر میراتھن کا دوڑ کر افتتاح کیا ہے12کلومیٹرمردوں کی میراتھن محمد ریاض نے جیت لی جبکہ حاجی اختر دوسرے اورعلی جبار تیسرے نمبر پر رہے ہیں،12کلومیٹر گرلز میراتھن میں ساہیوال کی ارم شہزادی نے پہلی، فیصل آباد کی ایمان یٰسین نے دوسری اورگلگت کی خدیجہ عافیت نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے اس طرح فیملی فن ریس میں لاہور کی کشف پہلے کراچی کی ممتاز نیامت دوسرے اور ڈی جی خان کی بشریٰ فرمان تیسرے نمبر پر رہی ہیں، صوبائی وزیرکھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر اور امریکی قونصلیٹ جنرل لاہور کرسٹن کے ہاکنز نے اختتامی تقریب میں کھلاڑیوں میں 18لاکھ روپے سے زائد کے انعامات تقسیم کئے،صوبائی وزیرکھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے آزادی میراتھن کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کی تاریخ کی بڑی میراتھن کا انعقاد سپورٹس کی ترقی کا آغاز ہے، آزادی میراتھن اور فیملی فن ریس سے نئے کھلاڑی سامنے آئے ہیں، میراتھن میں جیتنے والے کھلاڑیوں کی مزید تربیت کرکے انہیں قومی مقابلوں میں شامل کروایا جائے گا،پیرس اولمپکس میں ملک بھر سے 7 کھلاڑی شریک تھے اگلے اولمپکس میں 70کھلاڑی حصہ لیں گے اور 10میڈلز آئیں گے۔ ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب پرویز اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت پنجاب کی تاریخ کی بڑی میراتھن کروائی ہے، آزادی میراتھن میں چار ہزار سے زائد اتھلیٹس کی شرکت ایک ریکارڈ ہے، اس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے۔