اداکارہ نمرہ کے اغواء کی کوشش کا ڈی آئی جی ساؤتھ نے نوٹس لے لیا ، ایس ایس پی ساؤتھ طلب

 کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن )ڈیفنس میں معروف اداکارہ کومبینہ طور پراغوا ءکرنے کی کوشش کی گئی ، ڈی آئی جی ساؤتھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے تفصیلات طلب کرلیں۔
شہرکے پوش علاقے ڈیفنس میں اداکارہ نمرا خان کومبینہ طور پراغواء کرنے کی کوشش کی گئی۔اداکارہ کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ڈی آئی جی ساﺅتھ کے مطابق مبینہ طور پروقوعہ تھانہ ساحل کی حدود میں پیش آیا ۔ متعلقہ تھانہ واقعے کی تحقیقات کررہا ہے خاتون نے ابھی تک پولیس سے رابطہ نہیں کیا ہے۔انھوں نے بتایاکہ اداکارہ کے رابطہ کرنے پر ان کی شکایت درج کی جائے گی۔ڈسٹرکٹ ساﺅتھ پولیس کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ واقعاتی شہادتوں کو مؤثر بناتے ہوئے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لائیں۔ انصاف کی فوری فراہمی کو ممکن بنایا جائے۔اداکارہ نمرا خان کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پروائرل ہو گیا،اداکارہ نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ وہ ڈیفنس فیز8 میں مقامی ہوٹل کے باہر گاڑی کا انتظار کررہی تھیں، ہاتھ میں موبائل فون اورکندھے پر بیگ موجود تھا، رش کی وجہ سے گاڑی میں فیملی پھنسے ہوئی تھی بارش ہو رہی تھی اس لیے آگے آکرکھڑی ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ اسی دوران3 افراد میرے پاس آکر رکے اورمجھے اغواء کرنے کی کوشش کی انہوں نے مجھے پکڑا اور پیٹ پر اسلحہ رکھ دیا میں نے شورشرابا کیا۔ میرے سامنے 4 گارڈز بیٹھے ہوئے تھے مگر کسی نے نہیں سنا، میں نے اپنا تحفظ خود کیا اور موٹر سائیکل کو دھکا دیا ،میں بھاگی، وہ مجھے پیچھے سے گولی مارسکتے تھے میں چلتی گاڑی کے سامنے آگئی،گاڑی میں سوار فیملی نے مجھے بچالیا اس دوران مقامی ہوٹل کی پوری ٹیم باہرآئی اورمجھے ریسکیوکرلیا۔

اس پر پڑھیں تفریحی خبریں Header Banner