کراچی (ویب ڈیسک) اداکارہ نمرہ خان نے مزاحمت کرکے اپنے اغواء کی کوشش ناکام بنا دی۔
"ایکسپریس نیوز" کے مطابق نمرہ خان نے سوشل میڈیا پر ویڈیو میں انکشاف کیا کہ ایک روز قبل انہیں اغواء کرنے کی کوشش کی جسے انہوں نے مزاحمت کرکے ناکام بنا دیا۔ اداکارہ واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے رو پڑیں۔
نمرہ خان کے مطابق وہ ایک ہوٹل کے باہر اپنی گاڑی کا انتظار کررہی تھیں کہ 3 مسلح افراد نے ان کے قریب گاڑی روکی اور اسلحے کے زور پر انہیں زبردستی کھینچ کر گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کی۔ نمرہ خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے خود مزاحمت کی اور فٹ پاتھ پر بھاگنا شروع کردیا جبکہ قریب موجود افراد میں سے کسی نے بچانے کی کوشش نہیں کی۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ مسلح افراد نے تعاقب کیا اور وہ مجھے گولی بھی مار سکتے تھے۔ سڑک سے گزرنے والی ایک گاڑی کو روکا اوراس میں موجود فیملی اور ہوٹل کے سٹاف نے میری مدد کی۔ میرا تمام پاکستانیوں سے سوال ہے کہ کیا جب پاکستان میں خواتین محفوظ نہیں تو ہمیں یوم پاکستان اس طرح منانا چاہیے؟ میرا سب سے سوال ہے کہ کیا آپ کہہ سکتے ہیں کہ آپ کی بہن، بیوی، بیٹی اور والدہ پاکستان میں محفوظ ہیں؟ اس کا جواب نہیں میں ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ نمرہ خان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے اغوا ءکی کوشش کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔