لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف 9مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کی سماعت سے انکارکردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عمران خان کے خلاف 9 مئی کے12 مقدمات کی سماعت ہوئی، جہاں جج نے مقدمات کی مزید سماعت سے انکار کردیا۔انہوں نے تفتیشی افسران سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو مشورہ ہے کہ آپ سپریم کورٹ چلے جائیں، میں ان درخواستوں کی سماعت نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ ایڈمن جج ستمبر میں آئیں گے، آپ تب درخواست دائر کریں۔لاہور پولیس نے بانی پی ٹی آئی کا 12 مقدمات میں فارنزک کروانے کا فیصلہ کیا تھا اور تفتیشی افسران نے بانی پی ٹی آئی کے فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ اور وائس میچ ٹیسٹ کروانی کی درخواست دی تھی تاہم جج کے انکار کے بعد تفتیشی افسران عدالت سے واپس لوٹ گئے۔