نیویارک(ڈیلی پاکستان آن لائن)فیس بک کی سرپرست کمپنی ’میٹا‘ کے بانی نے اہلیہ کی محبت میں اپنے گھر کے پچھلے حصے (Backyard) میں ان کا ایک خوبصورت مجسمہ تعمیر کروا دیا، جس کی تصویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مارک زکربرگ نے 13 اگست کو فوٹو اینڈ ویڈیو شئیرنگ ایپلیکیشن انسٹاگرام پر ایک تصویر اپ لوڈ کی، جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ وہ ”اپنی بیوی کا مجسمہ بناتے ہوئے قدیم رومن روایات“ کو زندہ کر رہے ہیں۔
میٹا کے بانی کی اہلیہ پرسکیلا چن کا یہ مجسمہ نیویارک شہر سے تعلق رکھنے والے معروف آرٹسٹ ڈینیئل ارشام نے تعمیر کیا، جو اپنے منفرد آرٹ ڈیزائن کے لیے مقبول ہیں جو فن تعمیر، مجسمہ سازی اور پرفارمنس آرٹ میں مہارت رکھتے ہیں۔
مارک زکربرگ کی جانب سے شئیر کردہ تصویر کے کیپشن میں لکھا گیا کہ ’اپنی بیوی کا مجسمہ بنانے کی رومن روایت کو واپس لانے کے لیے ڈینیئل ارشام کا بے حد شکریہ۔
مجسمے کے سامنے مارک زکربرگ کی اہلیہ کو چائے سے لطف اندوز ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے مارک زکربرگ کو اپنی اہلیہ کو خوبصورت انداز میں خراج تحسین پیش کرنے پر بہت سراہا۔