لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مبینہ ہنی ٹریپ کا شکار ہونے والے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے پاکستان چھوڑنے پر غور شروع کر دیا۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے خلیل الرحمان قمر نے کہا ہے کہ ”میں کیس کا فیصلہ آنے تک انتظار کر رہا ہوں۔ میں ان ظالموں کو سزا دلواﺅں گا، چاہے مجھے کسی جگہ بھی کیوں نہ جانا پڑے۔“
ان کا کہنا تھا کہ ”میں اس مشکل میں چلا گیا ہوں کہ اس مٹی سے میں نے عشق سے بڑھ کر عشق کیا ہے۔ کیا مجھے یہاں مزید رہنا چاہیے؟ یہ سوچ میرے اندر کبھی نہیں آئی تھی لیکن یہ لوگ اس مقصد میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ اللہ سے دعا کیجیے کہ وہ مجھے ہمت دے۔ میں اس مٹی کے بغیر نہیں جی سکتا۔“ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ”اگر مجھے زندگی میں کچھ تبدیل کرنے کا موقع ملے تو میں ایسی جگہ جا کر رہنا پسند کروں گا جہاں لوگ اس طرح کی بدتمیزی نہ کریں، جیسی میرے ساتھ ہوئی۔“