ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سینیئر اداکار و سیاستدان شتروگھن سنہا کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کچھ دن قبل شتروگھن سنہا کو ممبئی کے کوکیلا بین ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، آج اداکار کی اہلیہ پونم اور دونوں بیٹے اُنہیں ہسپتال سے ڈسچارج کروا واپس اُن کی رہائش گاہ رامائن لے گئے ہیں۔کئی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شتروگھن سنہا کی سرجری ہوئی ہے، تاہم اب اداکار نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ہسپتال میں داخل ہونے کی وجہ بتا دی ہے۔
شتروگھن سنہا نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ میں گزشتہ تین ماہ سے اپنی انتخابی مہم میں مصروف میں تھا، اُس کے فوراََ بعد میری بیٹی سوناکشی کی شادی ہوگئی اور مسلسل تھکن کی وجہ سے، میں بیمار ہوگیا۔سینیئر اداکار نے کہا کہ میں اب وہ طاقتور نوجوان نہیں رہا، جو ایک دن میں تین شفٹیں کر سکتا تھا، عُمر گزر رہی ہے، جسم میں طاقت اور توانائی بھی کم ہوتی جارہی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اسی کمزوری اور تھکن نے مجھے بیمار کردیا تھا، ہسپتال میں داخل ہونے کی وجہ بھی یہی تھی، اس کے علاوہ، میں نے اپنا سالانہ طبی معائنہ بھی کروایا۔شتروگھن سنہا نے سرجری کی افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے مزید کہا کہ میری سرجری ہوئی ہے اور مجھے خود ہی نہیں معلوم؟
واضح رہے کہ 28 جون کو سوناکشی سنہا بھی اپنے شوہر ظہیر اقبال کے ہمراہ والد کی عیادت کے لیے ہسپتال گئی تھیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔