17 اگست ، 2024
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے جو بھی قدم اٹھانا پڑا اٹھائیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 500 یونٹ تک بجلی کی قیمت میں 14 روپے یونٹ کمی کی ہے، اس اقدام سے صارفین کو گرمی کے مہینوں میں سہولت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی، ان کی قیادت میں پنجاب حکومت نے عوام کے لیے ریلیف کا قدم اٹھایا ہے، پنجاب میں بجلی کے بلوں میں عوام کو ریلیف کا بڑا پیکج دیا گیا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے ٹھیک فرمایا مہنگائی اس دور میں ہوئی جب بزدار گوگی سیٹ اپ تھا، 14 اگست پر وزیرِ اعظم نے پیٹرول کی قیمت کم کر کے عوام کو تحفہ دیا تھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ200 یونٹ والے صارفین کو وزیرِ اعظم پہلے ہی 50 ارب روپے کی سبسڈی دے چکے ہیں، آنے والے دنوں میں مہنگائی مزید کم ہوگی اور حالات مزید بہتر ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ جنرل فیض گرفتاری کے بعد معاملات آگے چلے، فوج نے شفاف تحقیقات کیں، اندرونی تحقیقات کا فوج کا میکنزم ہے، تحقیقات کا دائرہ کار بڑھتا نظر آ رہا ہے۔
وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملک میں تقسیم، نفرت اور انتشار کی سیاست کی، تمام سازش کے سرغنہ بانی پی ٹی آئی تھے، ان کی سہولت کاری فیض اور باقی افسران کر رہے تھے۔
عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت میں چیف جسٹس کی اہلیہ کو کٹہرے میں کھڑا کیا گیا تھا، پی ٹی آئی نے جو مہم شروع کی ہے بتادوں یہ کامیاب نہیں ہوگی، ثاقب ہو نثار ہوں یا جو بھی ہوں معاملات آگے بڑھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو واپس کون لایا تھا؟ یہ بھی گٹھ جوڑ تھا، بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں انتشار پھیلایا گیا جس کا یہ سب حصہ تھے، شواہد سامنے آرہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا رابطہ بحال تھا، جیل سے پیغام رسانی جاری تھی، جو انتشار پھیلائے گا اس کا انجام یہی ہو گا، باقی اداروں کو بھی خود احتسابی کرنی چاہیے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ لطیف کھوسہ کو جھوٹ اور بہتان والی باتیں زیب نہیں دیتی ہیں، انہوں نے سرینا عیسیٰ کے بارے میں جو کہا وہ انہیں زیب نہیں دیتا۔