لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2024ء) جنرل ہسپتال لاہور میں مریض کے لواحقین پر تشدد کرنے کا الزام ثابت ہونے پر وارڈ اٹینڈنٹ کو برطرف کرنے کی سفارش کر دی گئی ۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق جنرل ہسپتال میں وارڈ اٹینڈنٹ راشد علی پر گزشتہ روز مریض کے لواحقین پر تشدد کا الزام عائد کیا گیا تھا، جس پر اس کے خلاف محکمانہ انکوائری منعقد کی گئی ۔ اتوار کے روز اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر عدنان مسعود، ڈاکٹر جاوید ممتاز اور ڈاکٹر صارم شاہد پر مشتمل انکوائری کمیٹی نے اس ناخوشگوار واقعہ کی تفصیلی انکوائری رپورٹ اعلی حکام کو بھیج دی۔
(جاری ہے)
رپورٹ میں وارڈ اٹینڈنٹ کی طرف سے مریض کے لواحقین پر تشدد کا الزام ثابت ہونے پر اس کو ملازمت سے برطرف کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس حوالے سے ایم ایس جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ ملازمین کے بیانات، سی سی ٹی وی فوٹیج اور شواہد کی روشنی میں وارڈ اٹینڈنٹ راشد علی کیخلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ مریضوں یا لواحقین کے ساتھ غیر مناسب رویہ اختیار کرنے والے ملازمین کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے اور غیر حاضر رہنے کے عادی ملازمین کے خلاف بھی سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی ۔متعلقہ عنوان :