بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے قریبی دوست اور کاسٹنگ ڈائریکٹر مکیش چبڑا نے اداکار کی ادھوری خواہش کے بارے میں بتا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کی مقبول فلموں ‘بجرنگی بھائی جان’، ‘راک اسٹار’، ‘دنگل’، اور ‘جوان’ کے کاسٹنگ ڈائریکٹر مکیش چبڑا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں سشانت سنگھ راجپوت کے بارے میں بات کی۔
مکیش چبڑا نے کہا کہ میں نے بطورِ کاسٹنگ ڈائریکٹر بہت سارے نامور بالی ووڈ اسٹارز کو فلموں کے لیے آڈیشن دیتے ہوئے دیکھا ہے جن میں شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان بھی شامل ہیں۔
اُنہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں اپنے تجربے سے یہ بات بڑے ہی یقین سے کہہ سکتا ہے کہ سشانت سنگھ میں شاندار اداکاری کی صلاحیتوں کی وجہ سے کسی بھی بڑے بالی ووڈ اسٹار سے کم نہیں تھے، وہ انڈسٹری میں بہت آگے جاسکتے تھے۔
ہدایتکار نے کہا کہ انڈسٹری میں لوگ قبول نہیں کرتے لیکن یہاں ہر کوئی بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی شہرت سے متاثر ہے اور بالی ووڈ میں سشانت سنگھ کو بھی شاہ رخ خان کے جیسے ہی شہرت ملنے لگی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر آج سشانت سنگھ زندہ ہوتے تو وہ اپنے ٹیلنٹ اور زبردست اداکاری کی بدولت بالی ووڈ کے دوسرے شاہ رخ خان کہلاتے۔
مکیش چبڑا نے سشانت سنگھ کی ادھوری خواہش کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اور سشانت سنگھ بہت اچھے دوست تھے، ہماری خواہش تھی کہ ہم دونوں ایک ساتھ بہت ساری فلمیں کریں اور یہ سلسلہ کبھی نہ رُکے، لوگ ہمیں اداکار اور ہدایتکار کی جوڑی سے یاد کریں لیکن ہم دونوں کی یہ خواہش ادھوری رہ گئی۔
واضح رہے کہ جون 2020 میں سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، اداکار کی موت کو خودکشی قرار دیا گیا تھا۔