بلوچستان کے طلبا ء و طالبات کیلئے انڈوومنٹ فنڈ کا 0 فیصد مختص کیا جانا نوجوانوں کیلئے حوصلہ افزا ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2024ء) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کا احسن فیصلہ کیا ہے اور بلوچستان کے نوجوانوں کے تعلیم کے حصول کیلئے انڈوومنٹ فنڈ کا 20 فیصد مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس فنڈ کے قیام سے بلوچستان کے مستحق طلباء و طالبات استفادہ کر سکیں گے اگرچہ ملک بھر کے طلباء و طالبات اس فنڈ کی مدد سے حصولِ تعلیم میں پیش آنے والے مسائل حل کرتے ہوئے کامیابی کی منزلیں طے کر سکیں گے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمد عبدالقادرنے کہا کہ طویل عرصے تک بلوچستان کے باسی نظر انداز ہوتے رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی کئی نسلیں محرومی کا شکار رہی ہیں وزیر اعظم کی جانب سے بلوچستان کے طلبا ء و طالبات کیلئے 20 فیصد فنڈ کا مختص کیا جانا صوبے کے نوجوانوں کے لئے حوصلہ افزا بات ہے لیکن کیا ہی اچھا ہو کہ وزیر اعظم بلوچستان کی عوام کے دل جیتنے کے لئے انڈوومنٹ فنڈ میں 50 فیصد رقم بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے مختص کر دیں وزیر اعظم کے اس قابل ستائش اقدام سے بلوچستان کے نوجوانوں میں حوصلے کی ایک نئی لہر پیدا ہو گی ان کے دلوں میں کامیابیاں حاصل کرنے کی امنگ پیدا ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں ولولہ تازہ پیدا کر کے آگے بڑھا جاسکتا ہے، بلوچستان کے طلبا و طالبات بے انتہا صلاحیتوں کے مالک ہیں. ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جانا چاہئے بلوچستان کی عوام کی ترقی و خوشحالی اور محرومیوں کے ازالے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو یکسو ہو کر کام کرنا ہوگا تاکہ صوبے کی عوام ملک و قوم کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکے، صوبائی حکومت بھی اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی تو توقع کی جا سکتی ہے کہ بہت تیزی سے صوبے کے گھمبیرمسائل حل ہو جائیں گے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی دانش مندانہ پالیسیوں کے تسلسل سے ہی بلوچستان میں میں جاری دہشتگردی پر قابو پایا جاسکتا ہے دہشت گردوں کو شکست دینے کے لئے عوام کے دل جیتنے ہوں گے جب حکمران کسی بھی صوبے کی عوام کو انکے بنیادی حقوق سے محروم کرتے ہیں تو دہشتگردوں کو ایسے محروم لوگوں کو بہکانے میں آسانی ہوتی ہے دہشت گرد بد دل نوجوانوں کو منفی کارروائیوں میں ملوث کرنے لگتے ہیں،وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ بلوچستان کی عوام کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ وہ منفی سرگرمیوں کے لئے ایندھن نہ بن سکیں۔

اس پر پڑھیں قومی خبریں Header Banner