وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ افغانستان دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کرے تاکہ اس کی سر زمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہو۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن ہمارا مشترکہ ہدف ہے، افغانستان کی عبوری حکومت کے ساتھ بامعنی بات چیت کرنا ہو گی تاکہ وہاں کے عوام کے مسائل حل ہوں۔ان کا کہنا ہے کہ ریاستی دہشت گردی کی کھل کر مذمت کرنی ہو گی، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادیں تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لیے موجود ہیں، خطے کے روشن مستقبل کے لیے ہمیں جغرافیائی، سیاسی محاذ آرائی سے خود کو آزاد کرنا ہو گا۔ایس سی او ترقیاتی منصوبوں کیلئے متبادل فنڈنگ کا طریقہ کار وضع کرے
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ایس سی او رکن ممالک کے درمیان مقامی کرنسیوں کے استعمال کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ایس سی او ترقیاتی منصوبوں کے لیے متبادل فنڈنگ کا طریقہ کار وضع کرے۔اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں انڈیپینڈینس پیلس پہنچے تو قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیوف نے ان کا استقبال کیا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف آج قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں مصروف دن گزاریں گے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل کے سربراہی اجلاس میں شرکت کر کے اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کا نکتۂ نظر پیش کریں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی آج روسی صدر ولادیمر پیوٹن سے ملاقات متوقع
وزیرِ اعظم شہباز شریف ایس سی او پلس سمٹ میں بھی شریک ہوں گے اور نیشنل اسٹیٹمنٹ دیں گے۔قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیوف سے آج وزیرِ اعظم شہبازشریف کی ملاقات بھی متوقع ہے۔