23 اگست ، 2024
پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینیئر اداکار خالد انعم نے کراچی کے علاقے کارساز میں 4 روز قبل گاڑی کی ٹکر سے باپ اور بیٹی کی ہلاکت کے معاملے پر دل کو چھو لینے والی نظم پیش کر دی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے اس واقعے کو لاپروائی کا نتیجہ قرار دیا ہے اور ساتھ میں کہا ہے کہ واقعے کی اصل حقیقت تحقیقات کے بعد سامنے آئے گی۔
انہوں نے ویڈیو میں بتایا ہے کہ اس واقعے پر عوام کے ردِعمل کو ایک نظم کے روپ میں ڈھالنے کو کوشش کی ہے۔
اداکار و گلوکار نے یہ بھی بتایا ہے کہ یہ عوامی ردِعمل اس واقعے کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کے کمنٹس سے لیے ہیں۔
بعد ازاں خالد انعم نے ویڈیو میں اس نظم کے چند اشعار بھی پڑھ کر سنائے ہیں۔
خالد انعم کے قلم سے ’اللّٰہ بڑا کارساز‘ کے عنوان سے لکھی گئی نظم کے اشعار کچھ یوں ہیں کہ
سستی تو نہیں تھی میری گاڑی کسی جاں سے
اس بات کا کرتا نہیں کیوں کوئی بھی احساس
مارا گیا غریب جو غربت بھی تو مری
احسان فراموش ہیں پروردۂ افلاس
کیا سوچ کر سڑک کے بیچ جا رہے تھے وہ
ہیلمٹ تلک تو تھی نہیں دختر پدر کے پاس
رہتے نہیں کیوں اپنے علاقوں میں یہ غریب
آتے ہیں کس لیے یہاں کرنے کو چپ و راس
کیڑے حدوں سے اپنی جب بھی باہر آئیں گے
یونہی کچل کچل کے وہ پھر مارے جائیں گے
ساتھ ہی خالد انعم نے عوام کی سوچ پر افسوس کا بھی اظہار کیا ہے اور مرحومین کے حق میں مغفرت اور جنت الفردوس اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی ہے۔