پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ 28 اگست کو تاجر مکمل ہڑتال کریں گے، تاجروں کے کسی گروپ نے ساتھ نہ دیا تو یہ خیانت ہوگی۔
حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس میں مطالبہ کیا کہ بجلی کے مستقل ٹیرف کو کم کیا جائے، جو ریلیف دیا گیا وہ بھی عوام کے خون پسینے کی کمائی ہے، کے پی میں یہ ریلیف کیوں نہیں دیا گیا کیونکہ وہاں اتحادیوں کی حکومت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ 28 اگست کے دن ہڑتال کو کامیاب بنائیں، تنخواہ دار لوگوں پر ٹیکس اور حکومتی مراعات ختم ہونی چاہیے، وڈیروں اور جاگیرداروں پر ٹیکس لگنا چاہیے، کے پی کا بجلی کی پیداوار میں اہم کردار ہے ان کو حق ملنا چاہیے۔حکمرانوں کی آئی پی پیز کے کپیسٹی پیمنٹ خزانے میں آ جائے تو بجلی سستی ہو سکتی ہے، 28 اگست کو ملک بھر میں ہڑتال ہوگی تاجروں نے حمایت کی ہے، حکومت تاجروں کو توڑنا چاہےگی ان کو ہوشیار رہنا چاہیے، تاجر اپنی دکانوں کو بند کر کے احتجاج ریکارڈ کروائیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ الگ ہے ان حالات میں کاروبار مشکل ہوتا جا رہا ہے،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) پی ٹی آئی حکومت ہٹانے کے بعد آج تک اتحادی ہیں، سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی ملازمت میں توسیع بھی دونوں نے ایک ساتھ کی تھی، ان کو کسی صورت نورا کشتی اور لفظی جنگ زیب نہیں دیتی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پورے ملک کی صورتحال آپ کے سامنے ہے، کل رحیم یار خان میں پولیس پر حملہ کیا گیا ہے ڈاکوؤں کے راکٹ حملے میں 12 پولیس اہلکار شہید ہوئے، ان ڈاکوؤں کے پاس اتنا بھاری اسلحہ کہاں سے آتا ہے؟آئی جی سندھ اور آئی جی پنجاب کی غفلت کے باعث یہ واقعہ ہوا۔