کیرالہ(ڈیلی پاکستان آن لائن ) بھارت کی ملیالم فلم انڈسٹری کے 37 سالہ اداکار نرمل بینی کی اچانک موت نے انڈسٹری کو گہرے غم میں مبتلا کر دیاہے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نرمل بینی کو گزشتہ روز کیرالہ کے شہر تھرواننت پور میں اُن کی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑا، اچانک دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے 37 سال اداکار کو ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے ۔ اُنہوں نے اپنی رہائش گاہ پر ہی اپنی زندگی کی آخری سانسیں لیں۔
پروڈیوسر سنجے نے اپنے بیان میں گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نرمل بینی کی موت کی تصدیق کی۔نرمل بینی کی اچانک موت کی خبر سے مداحوں اور ملیالم فلم انڈسٹری کو گہرا صدمہ پہنچا ہے، ساتھی فنکاروں کی جانب سے اداکار کی موت پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ نرمل بینی نے سال 2012 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، اُنہوں نے کئی ملیالم فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔اس کے علاوہ نرمل بینی کو اپنی یوٹیوب ویڈیوز سے بھی خوب شہرت ملی۔